سری نگر کے راجباغ علاقے میں آتشزدگی، رہائشی مکان خاکستر

سری نگر، (یو این آئی):ہوگیا۔ذرائع نے بتایا کہ سری نگر کے راجباغ علاقے میں عبداللہ برج کے نزدیک جمعرات کو ایک رہائشی مکان کی بالائی منزل سے آگ نمودار ہوئی جس کے شعلوں نے چشم زدن میں مکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

انہوں نے کہا کہ مالک مکان نے اس مکان کو کرایہ پر دیا تھا اور اس میں کئی لوگ رہائش پذیر تھے اور ایک اخبار کا دفتر بھی تھا۔ان کا کہنا تھا کہ اطلاع موصول ہوتے ہی فائر ٹنڈرس جائے واردات پر پہنچے اور انہوں نے آگ کو قابو کرکے مزید پھیلنے سے روک دیا۔

مذکورہ ذرائع نے کہا کہ آگ سے اس مکان کو کافی نقصان پہنچا ہے جبکہ فائر ٹنڈرس عملے کا ایک اہلکار بھی زخمی ہوگیا ہے۔دریں اثنا متعلقہ محکمے کے ایک عہدیدار نے جائے واردات پر میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے آگ کو اسی مکان تک محدود کر دیا اور اس کو مزید پھیلنے سے روک دیا۔

انہوں نے کہا کہ مکان کے بالائی منزل پر سلینڈر کا دھماکہ ہوا بھی ہے لیکن اس کے باوجود بھی ہمارے اہلکاروں نے آگ کو قابو میں کر لیا۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارا ایک اہلکار زخمی ہوگیا ہے جس کو علاج و معالجے کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ادھر جموں وکشمیر کے ضلع رام بن کے بانہال علاقے میں قائم پوسٹ آفس کی عمارت کو آگ کی ایک واردات کے دوران نقصان پہنچا ہے۔

سرکاری ذرائع نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ جمعرات صبح ساڑھے دس بجے کے قریب پوسٹ آفس بانہال کی عمارت سے آگ نمودا رہوئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے اس بلڈنگ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔انہوں نے بتایا کہ این جی او بانہال کے رضا کاروں اور فائر اینڈ ایمرجنسی محکمہ کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں آگ پر قابو پایا گیا تاہم آتشزدگی کی اس واردات کے دوران عمارت کی اوپری منزل کو نقصان پہنچا ہے۔پولیس نے آگ لگنے کی وجوہات جاننے کی خاطر کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں