تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی

پائین شہر میں اہم تجارتی مراکز بند، سیول لائنز میں تجارتی سرگرمیاں حسب معمول جاری

سری نگر، (یو این آئی): سری نگر کے پائین شہر میں سیکورٹی فورسز کی تعیناتی کے بیچ بدھ کے روز اہم تجارتی مراکز بند رہے تاہم سڑکوں پر معمول کے مطابق ٹریفک کی نقل وحمل جاری رہی جبکہ مائسمہ علاقے کو چھو ڑکر سیول لائنزکے سبھی تجارتی مراکز میں معمول کے مطابق کام کاج جاری رہا۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق افضل گورو کی برسی کے موقع پر بدھ کے روز پائین شہر میں کاروباری ادارے ٹھپ رہنے سے معمولات زندگی درہم برہم ہو کررہ گئے تاہم سڑکوں پر ٹرانسپورٹ کی نقل وحمل جاری رہی۔شہر کے سیول لائنز علاقوں بشمول لالچوک، بڈشاہ چوک، ایم اے روڑ اور ریگل چوک میں تمام تر تجارتی سرگرمیاں حسب معمول جاری تھیں اور سڑکوں پر ٹرانسپورٹ کی نقل و حمل حسب معمول جاری و ساری تھی۔

پائین شہر کے بیشتر علاقوں بشمول جامع مسجد، نوہٹہ، گوجوارہ، راجوری کدل، صراف کدل، معروف تجارتی منڈی مہاراج گنج میں دکانیں اور دیگر تجارتی سرگرمیاں معطل رہیں تاہم ٹرانسپورٹ شاہراؤں پر رواں دواں تھا۔فروری 9 کے پیش نظر شہر کے سیول لائنز اور پائین علاقوں میں سیکورٹی بندوبست کو سخت کیا گیا تھا اور شہر کے حساس علاقوں میں جگہ جگہ سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی تھی۔

پائین شہر میں جزوی ہڑتال کے بیچ دن بھر سیکورٹی فورسز کو پیٹرولنگ کرتے ہوئے دیکھا گیا جس دوران راہگیروں کے شناختی کارڈ باریک بینی سے چیک کئے جارہے تھے۔شہر خاص میں اگر چہ اہم تجارتی مراکز بند رہے تاہم سیول لائنز کے لگ بھگ سبھی علاقوں میں دکانیں کھلی تھیں اور ٹرانسپورٹ بھی حسب معمول جاری تھا۔

دریں اثنا ایس ایس پی سری نگر راکیش بلوال سے جب نامہ نگاروں نے افضل گورو کی برسی کے موقع پر سیول لائنز علاقوں میں کاروباری ادارے کھلے رہنے کے بارے میں سوال کیا تو انہوں نے کہا کہ اس سے یہ اخذ ہوتا ہے کہ حالات معمول پر آرہے ہیں۔بتادیں کہ افضل گورو کی برسی یعنی 9 فروری کے موقع پر پائین شہر اور سیول لائنز علاقوں میں ہڑتال سے معمولات زندگی ٹھپ ہو کررہتے تھے تاہم رواں سال اس کے برعکس سیول لائنز علاقوں میں معمول کے مطابق کاروباری ادارے کھلے رہے جبکہ شاہراؤں پر ٹرانسپورٹ کی نقل وحمل بھی معمول کے مطابق تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں