گاڑیاں چرانے کے گینگ کا پردہ فاش، پانچ افراد گرفتار، پانچ گاڑیاں ضبط: جموں وکشمیر پولیس

سری نگر، (یو این آئی):جموں و کشمیر پولیس نے گاڑی چوروں کی ایک گینگ کا پردہ فاش کرکے پانچ افراد کو گرفتار کیا ہے اور پانچ گاڑیوں کو ضبط بھی کیا ہے۔ایک پولیس ترجمان نے جمعرات کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ گاندر بل پولیس نے گاڑی چوروں کی ایک گینگ کا پردہ فاش کرکے پانچ گاڑیوں کو بر آمد کیا ہے جنہیں ملک کے مختلف حصوں سے چرایا گیا تھا۔

موصوف ترجمان نے کہا کہ اس گینگ کے پانچ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔انہوں نے گرفتار شدگان کی شناخت ریاض احمد ساکن گاندربل، ریاض احمد راتھر ولد عبدالغنی راتھر ساکن نصراللہ پورہ بڈگام، شوکت احمد بلند ولد حبیب اللہ بلند ساکن بجبہاڑہ اننت ناگ، بلال احمد ڈانگہ ولد بشیر احمد ڈانگہ ساکن ڈانگ محلہ واکورہ اور ساقی راتھر ولد غلام رسول راتھر ساکن واکورہ کے بطور کی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ پوچھ تاچھ کے دوران گرفتار شدگان نے انکشاف کیا کہ یہ گاڑیاں ضلع گاندربل کی سڑکوں پر چل رہی ہیں جس کے بعد ان گاڑیوں کو ضلع کے مختلف علاقوں سے بر آمد کیا گیا۔بیان کے مطابق کہ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن گاندربل میں ایک کیس درج کیا گیا تھا اور اس کی تحقیقات کے لئے ڈی او پولیس چوکی شادی پورہ کی سربراہی میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی تھی جو اس کیس کی تحقیقات کر رہی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں