کشمیر میں موسم خشک لیکن شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج

سری نگر، (یو این آئی): وادی کشمیر میں خشک موسم اور دن بھر دھوپ کھلی رہنے کے بیچ شبانہ درجہ حرارت مسلسل نقطہ انجماد سے نیچے درج ہو رہا ہے۔

محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کی پیش گوئی کے مطابق جموں و کشمیر میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم مجوعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ وادی میں13 فروری تک موسم خشک رہ سکتا ہے تاہم اس کے بعد موسم کروٹ بدل سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وادی میں 14 فروری سے 18 فروری تک موسم خراب رہنے کی توقع ہے۔

وادی میں مطلع صاف رہنے سے گرچہ دن بھر دھوپ کھلی رہتی ہے تاہم شبانہ درجہ حرارت مسلسل نقطہ انجماد سے نیچے درج ہو رہا ہے۔

گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی2.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

سری نگر میں 18 دسمبر کو رواں موسم کی سرد ترین رات درج ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی6.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکا ہوا تھا۔

وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی7.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی10.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں