سری نگر، (یو این آئی): شمالی ضلع بارہ مولہ کے مالوا علاقے میں سیکورٹی فورسز اور جنگجووں کے مابین جاری تصادم میں لشکر کمانڈر اور اْس کا ساتھی مارا گیا جبکہ ابتدائی گولیوں کے تبادلے میں پانچ سیکورٹی فورسز کے اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔
علاقے میں تلاشی آپریشن ہنوز جاری۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ شمالی ضلع بارہ مولہ کے مالوا علاقے میں ملی ٹینٹوں کے چھپے ہونے کی ایک خاص اطلاع موصول ہونے کے بعد پولیس اور سیکورٹی فورسز نے جمعرات اعلیٰ الصبح اس علاقے کو محاصرے میں لے کر جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا۔
انہوں نے بتایا کہ خود کو سلامتی عملے کے گھیرے میں پا کر ملی ٹینٹوں نے سیکورٹی فورسز پر اندھا دھند گولیاں برسا کر فرار ہونے کی بھر پور سعی کی تاہم حفاظتی عملے کی کارگر حکمت عملی نے اْنہیں فرار ہونے کا کوئی موقع فراہم نہیں کیا اور اس طرح سے طرفین کے مابین جھڑپ شروع ہوئی۔
اُن کے مطابق کچھ عرصے تک جاری رہنے والی اس جھڑپ میں لشکر کماندر یوسف کانترو اور اُس کا ساتھی مارا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ملی ٹینٹوں کی ابتدائی فائرنگ میں پولیس کا ایک جوان اور فوج کے چار اہلکار زخمی ہوئے ہیں جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ علاقے میں مزید جنگجووں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہوئی ہے جس کے پیش نظر فوج، پولیس اور سی آر پی ایف کی اضافی کمک نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر لوگوں کے چلنے پھرنے پر پابندی عائد کی ہے۔
دریں اثنا آئی جی کشمیر وجے کمار نے بتایا کہ بارہ مولہ کے مالوا علاقے میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں لشکر کا اعلیٰ کمانڈر مارا گیا۔انہوں نے بتایا کہ مہلوک کمانڈر سیکورٹی فورسز پر حملوں کی منصوبہ بندی کرنے اور اْنہیں پایہ تکمیل تک پہنچانے میں پیش پیش تھا جبکہ اْس کے خلاف جرائم کی ایک لمبی فہرست بھی موجود ہے۔
انہوں نے بتایا مہلوک کمانڈر عام شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنانے کی کارروائیوں میں بھی ملوث رہا ہے۔انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج وجے کمار نے بتایا کہ علاقے میں تلاشی آپریشن جاری ہے کیونکہ مزید جنگجو وہاں پر موجود ہو سکتے ہیں۔