ریاسی اور پونچھ میں دو الگ الگ حادثات میں 3مسافر ہلاک 10زخمی

جموں، (یو این آئی):جموں وکشمیر کے ریاسی ضلع کے انگرالا علاقے میں ایک گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں تین مسافر وں کی موقع پر ہی موت واقع ہوئی جبکہ چھ دیگر زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ادھر پونچھ حادثے میں ایک ہی کنبے کے چار افراد زخمی ہوئے۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جمعرات کی سہ پہر کو ریاسی ضلع کے انگرالا علاقے میں ٹاٹا سومو زیر نمبر (JK20-7607) ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر گہری کھائی میں جاگری۔انہوں نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور مقامی لوگوں نے امدادی کارروائی شروع کی اور زخمیوں کو علاج ومعالجہ کی خاطر ہیلتھ سینٹر منتقل کیا تاہم وہاں پر موجود ڈاکٹروں نے تین زخمیوں کو مردہ قرار دیا۔

معلوم ہوا ہے کہ حادثے میں زخمی ہوئے چھ میں سے تین افراد کو نازک حالت میں ضلع ہسپتال ریاسی منتقل کیا گیا ہے۔مہلوکین کی شناخت 35 سالہ غلام محی الدین ولد عبدل صمد، شبیر احمد ولد عبدالرحمن اور محمد یوسف ولد عبداللہ ساکنان ٹکسن کے بطور ہوئی ہے۔پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔

دریں اثنا پونچھ کے مینڈھر علاقے میں جمعرات کی صبح قریب پونے نو بجے پونچھ سے جموں جا رہی ایک نجی گاڑی سڑک سے لڑھک کر ایک کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار ایک ہی کنبے کے چار افراد زخمی ہوگئے۔

انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو فوری طور علاج و معالجے کے لئے سب ضلع ہسپتال سرنکوٹ منتقل کیا گیا۔زخمیوں کی شناخت اخلاق احمد اس کا بھائی محمد اعجاز، پروین کوثر دختر اخلاق احمد اور محمد اویس ولد اخلاق احمد کے بطور ہوئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں