سری نگر، (یو این آئی): متحدہ مجلس علما جموں وکشمیر میں شامل سرکردہ اراکین اور معزز ممبران نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں مسلمانوں کے انتہائی مقدس اور متبرک ماہ رمضان المبارک میں بجلی سپلائی کی آنکھ مچولی، غیر اعلانیہ طور پر بڑے پیمانے پر کٹوتی اور آئے روز پانی کی سپلائی منقطع کرکے عوام کو شدید مشکلات سے دوچار کرنے پر سخت برہمی اور ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
مجلس علما نے کہا کہ ماضی میں حکومتیں اور انتظامیہ مقدس ماہ رمضان میں خصوصیت سے عوام کو سہولت پہنچانے کی کوشش کرتی تھیں تاہم رواں ماہ رمضان میں اس کے برعکس جو تجربات سامنے آرہے ہیں وہ بیحد تکلیف دہ اور قابل تشویش ہے۔
بیان میں متبرک ماہ رمضان خاص طور پر افطار اور سحری کے اوقات میں برقی رو بند رکھنے، پینے کے پانی کی سپلائی میں مسلسل خلل کو حد درجہ افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ اس حوالے سے شہر و گام کے عوام میں نہ صرف شدید غم و غصہ پایا جارہا ہے بلکہ وہ یہ محسوس کررہے ہیں کہ ان کی ترجیحات کچھ اور ہیں۔
مجلس علما نے بلا خلل بجلی اور پانی کی سپلائی کو یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو ہر طرح کی بنیادی نوعیت کی سہولیات فراہم کرنا حکومت اور انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے جسے نبھایا جانا چاہئے۔