تصویریو این آئی
تصویریو این آئی
تصویریو این آئی

مرہامہ کولگام میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں دو جنگجو ہلاک، آپریشن ہنوز جاری /آئی جی کشمیر

سری نگر (یو این آئی):جنوبی ضلع کولگام کے مرہامہ گاوں میں جنگجووں اور سیکورٹی فورسز کے مابین جاری تصادم میں دو جنگجو ہلاک ہوئے۔آئی جی کشمیر کے مطابق تصادم میں پاکستانی جنگجو سمیت دو ملی ٹینٹ مارے گئے۔

پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ہفتے کی سہ پہر کو سیکورٹی فورسز اور پولیس نے مشترکہ طورپر جنوبی ضلع کولگام کے مرہامہ گاوں کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔

انہوں نے بتایا کہ جوں ہی سیکورٹی فورسز کے اہلکار مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر موجود جنگجووں نے حفاظتی عملے پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی۔

اْن کے مطابق سیکورٹی فورسز نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران دو جنگجو مارے گئے۔

معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ علاقے میں دو سے تین جنگجو موجود ہو سکتے ہیں جس کے پیش نظر سیکورٹی فورسز کی اضافی کمک کو بھی طلب کیا گیا۔

دریں اثنا انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج وجے کمار نے اس حوالے سے بتایا کہ مرہامہ کولگام میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے ہفتے کی سہ پہر علاقے کو محاصرے میں لے کر جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا۔

انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کے اہلکار تلاشی کارروائی میں مصروف تھے کہ اسی اثنا میں علاقے میں موجود جنگجووں نے حفاظتی عملے پر فائرنگ شروع کی۔

انہوں نے کہا کہ جوابی کارروائی میں جیش سے وابستہ ایک پاکستانی سمیت دو ملی ٹینٹ ہلاک ہوئے۔آئی جی کشمیر نے بتایا کہ علاقے میں تلاشی آپریشن ہنوز جاری ہے اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں