کانگریس کا جموں میں بجلی بحران کے خلاف احتجاج

جموں، (یو این آئی): جموں وکشمیر پردیش کانگریس کمیٹی نے جمعے کے روز یہاں بجلی کے موجودہ بحران کے خلاف احتجاج درج کیا۔احتجاجی بی جے پی اور سرکار کے خلاف نعرہ بازی کر رہے تھے۔

انہوں نے ایک ریلی نکالنی کی بھی کوشش کی جس کو پولیس نے ناکام بنا دیا اور اس دوران کئی لیڈرروں کو حراست میں بھی لیا گیا۔

اس موقع پر ایک لیڈر نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ آج جموں و کشمیر میں حالات ایسے ہیں کہ لوگوں کو پانی اور بجلی میسر نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کا گرمی سے برا حال ہو رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ سب سرکار کی ناکامیاں ہیں جس کی وجہ سے کانگریس سڑکوں پر آنے کے لئے مجبور ہوگئی ہے۔ایک اور لیڈر نے میڈیا کو بتایا کہ جموں میں چالیس ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ درجہ حرارت درج ہو رہا ہے لیکن اس دوران لوگوں کو نہ بجلی ہے اور نہ پانی ہے۔انہوں نے کہا کہ سرکار یہ چیزیں فراہم کرنے میں ناکام ہو گئی ہے۔

دریں اثنا آل جموں وکشمیر پنچایت کانفرنس نے بھی یہاں پریس کلب کے باہر بجلی کٹوتی کے خلاف احتجاج درج کیا۔اس موقع پر کانفرنس کے ایک لیڈر نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ پورے جموں صوبے میں بجلی میں بلا وجہ کافی کٹوتی ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری لیفٹینں ٹ گورنر منوج سنہا سے گذارش ہے کہ وہ صوبہ جموں کو چوبیس گھنٹوں میں سے کم سے کم بیس گھنٹے بلا خلل بجلی فراہم کریں۔ان کا کہنا تھا کہ جموں سب سے زیادہ پیسہ دیتا ہے لیکن بجلی اسی صوبے کو سب کم دی جاتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں