جموں،7 اپریل (یو این آئی) جموں وکشمیر کے ضلع رام بن کے سناسر میں واقع 40 کنال اراضی پر محیط باغ گل لالہ 8 اپریل سے سیاحوں کے لئے کھل رہا ہے۔
پٹنی ٹاپ ڈیولوپمنٹ اتھارٹی کے سی ای او ٹھاکر شیر سنگھ نے ایک ٹویٹ کے ذریعے جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا: ‘سناسر ٹلپ گارڈن 8 اپریل سے کھل رہا ہے’۔
انہوں نے سیاحوں کو اس پر سکون باغ کی سیر کرنے کی دعوت دی۔
متعلقہ حکام کے مطابق محکمہ باغبانی کی طرف سے تیار کئے گئے یہ باغ گل لالہ ماہ مارچ کے اواخر میں سیاحوں کے لئے کھلنے والا تھا لیکن خراب موسمی حالات کی وجہ سے اس میں تاخیر ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ باغ میں اب پھول تیار ہیں اور اس کو 8 اپریل سے سیاحوں کے لئے با قاعدہ کھولا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلے باغ صرف چار کنال اراضی پر پھیلا ہوا تھا لیکن پھراس میں توسیع کی گئی اور اب یہ 40 کنال اراضی پر محیط ہے۔
انہوں نے کہا کہ باغ میں مختلف قسموں کے 2 لاکھ 72 ہزار ٹلپ لگا دئے گئے ہیں جو سیاحوں کی آمد کے منتظر ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ سری نگر میں واقع ایشیا کے سب سے بڑے باغ گل لالہ کو 19 مارچ سے سیاحوں کے لئے کھول دیا گیا ہے۔
سری نگر کی زبرون پہاڑیوں کے دامن میں واقع اس باغ گل لالہ میں امسال چار نئے ٹلپ کا اضافہ کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق اب تک لاکھوں کی تعداد میں سیاحوں نے اس باغ کی سیر کی ہے۔
