پلوامہ: جنگلی علاقے میں مشتبہ ملی ٹینٹوں کی فائرنگ، دو ملازمین زخمی : پولیس

سری نگر، جنوبی ضلع پلوامہ کے سنگرونی جنگلی علاقے میں مشتبہ ملی ٹینٹوں نے فاریسٹ ٹیم پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو ملازمین زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔

سیکورٹی فورسز نے آس پاس علاقوں کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی ہے۔

پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ پلوامہ پولیس کو اطلاع موصول ہوئی کہ سنگرونی کے باگندر پل کے نزدیک فائرنگ کے واقعے میں دو ملازمین زخمی ہوئے۔

انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کے اہلکار فوری طورپر جائے موقع پر پہنچے اور اس ضمن میں تحقیقات شروع کی۔

موصوف ترجمان نے بتایا کہ راجپورہ پولیس اسٹیشن کو باوثوق ذرائع سے اطلاع موصول ہوئی کہ جنگل اسمگلر وں کو پکڑنے کی خاطر محکمہ جنگلات کی ایک ٹیم نے باگندر پل کے نزدیک درمیانی شب ناکہ لگایا جس دوران ملی ٹینٹوں نے ناکہ پر مامور ملازمین پر فائرنگ کی ۔

انہوں نے بتایا کہ فائرنگ کے اس واقعے میں ڈیلی ویجر عمران یوسف وانی ساکن مانو چرار شریف اور فاریسٹر جہانگیر احمد چچی ولد غلام محی الدین چچی ساکن گوگجی پتھری چاڈورہ زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس نے اس ضمن میں 79کے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی۔

ان کے مطابق سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا جس دوران دو کھوکھے اور دوسرا قابل اعتراض مواد ضبط کیا گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ علاقے میں تلاشی آپریشن ہنوز جاری ہے۔

یو این آئی- ارشید بٹ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں