بارہمولہ میں دو ملی ٹینٹ معاونین اسلحہ وگولہ بارود سمیت گرفتار : پولیس

سری نگر، شمالی ضلع بارہمولہ کے چیک ٹاپر کیری گاوں میں سیکورٹی فورسز نے ایک مشترکہ آپریشن کے دوران دو ملی ٹینٹ مدد گاروں کو دھر دبوچ کر ان کے قبضے سے اسلحہ وگولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ چیک ٹاپر کیری گاوں میں جنگجووں کی نقل وحمل کی اطلاع موصول ہونے کے بعد بارہ مولہ پولیس اور 29آر آر نے بس اسٹاب چیک ٹاپر کیری کے نزدیک ناکہ لگایا۔

انہوں نے کہاکہ جوں ہی مشتبہ افراد نے سیکورٹی فورسز کی ناکہ پارٹی کو دیکھا تو انہوں نے راہ فرار اختیار کرنے کی کوشش کی تاہم سلامتی عملے کی کارگر حکمت عملی نے انہیں فرار ہونے کا کوئی موقع فراہم نہیں کیا اور دونوں کو دھر دبوچا گیا۔

موصوف ترجمان کے مطابق جامہ تلاشی کے دوران ملی ٹینٹ معاونین کے قبضے سے دو چینی پستول ، دو پستول میگزین، چودہ پستول گولیوں کے راونڈ، ایک شناختی کارڈ، آدھار کارڈ کی فوٹو سٹیٹ کاپی کو برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔

پولیس نے ملی ٹینٹ معاونین کی شناخت دیام مجید خان ولد عبدالمجید خان ساکن چیک پنجی گام بانڈی پورہ اور ابیر طاریق ولد طاریق احمد خان ساکن وترنا پہلوان پورہ پنجی گام بانڈی پورہ کے بطور کی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے دوران گرفتا شدگان نے اعتراف کیا کہ وہ ممنوع تنظیم لشکر طیبہ کے ساتھ وابستہ ہے اور وہ ضلع میں ٹارگیٹ کلنگ کی کارروائیوں کو انجام دینے کی فراق میں تھے۔

یو این آئی۔ ارشید بٹ۔ شا پ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں