فائر اینڈ ایمرجنسی کی اسامیوں کے امیدواروں کا سری نگر میں احتجاج

سری نگر، فائر اینڈ ایمرجنسی کی اسامیوں کے امیدواروں نے جمعرات کو ایک بار پھر یہاں پریس کالونی میں جمع ہو کر احتجاج درج کیا۔

احتجاجی اپنے مطالبات کے حق میں جم کر نعرہ بازی کر رہے تھے.

اس موقع پر سمیر احمد نامی ایک احتجاجی نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم پچھلے تین برسوں سے کبھی یہاں تو کبھی جموں میں احتجاج کر رہے ہیں لیکن انتظامیہ نے اپنی آنکھوں پر پٹی باندھ رکھی ہے۔

انہوں نے کہا: ‘لیفٹیننٹ گورنر صاحب نے دسمبر 2022 میں ایک کمیٹی تشکیل دی تھی تاکہ سلیکشن لسٹ میں ہوئی دھاندلیوں کو دیکھا جا سکے’۔

ان کا کہنا تھا: ‘اس کمیٹی کو 12 جنوری 2023 کو اپنی رپورٹ پیش کرنی تھی لیکن 9 مہینے گذر جانے کے باجود بھی وہ رپورٹ اب تک پیش نہیں کی گئی’۔

موصوف احتجاجی نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ اس رپورٹ کو پیش کیا جائے۔

ایک اور امیدوار نے کہاکہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ اب ضلعی سطح پر پر امن احتجاج ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ اگر جموں وکشمیر انتظامیہ نے رپورٹ کو جلدازجلد منظر عام پر نہیں لایا تو وہ جنتر منتر پر احتجاج کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔

یو این آئی۔ ارشید بٹ۔ شا پ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں