لداخ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل کے انتخابات کی تاریخ 4 اکتوبر مقرر، این سی کو ‘ہل’ کو نشان واپس

سری نگر، لداخ یونین ٹریٹری انتظامیہ نے لداخ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونس (ایل اے ایچ ڈی سی) کرگل کے 5 ویں عام انتخابات کے انعقاد کے لئے تازہ نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے 4 اکتوبر کو پولنگ کی نئی تاریخ مقرر کی ہے۔

بتا دیں کہ عدالت عظمیٰ نے ان انتخابات کے انعقاد کے لئے 5 اگست کو جاری کی گئی پہلی نوٹیفیکیشن کو منسوخ کرنے کا حکم صادر کیا تھا۔ اس نوٹیفکیشن کے مطابق یہ انتخابات 10 ستمبر کو ہونے والے تھے۔

حکام کی طرف سے جاری کردہ تازہ نوٹیفکیشن کے مطابق 26 رکنی ایل اے ایچ ڈی سی کے انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کا عمل 9 ستمبر سے شروع ہوگا جبکہ کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 16 ستمبر مقرر کی گئی ہے۔مذکورہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 18 ستمبر کو ہوگی جبکہ امیدواد 20 ستمبر تک اپنے کاغذات واپس لے سکتے ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق تمام 26 نشستوں کے لئے پولنگ 4 اکتوبر صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک ہوگی جبکہ ووٹوں کی گنتی 8 اکتوبر کو ہوگی۔ان انتخابات کا پورا عمل 11 اکتوبر سے پہلے ہی مکمل کیا جائے گا۔ادھر عدالت عظمیٰ نے جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے ‘ہل’ انتخابی نشان کو استعمال کرنے کی اجازت دی ہے۔

لداخ یونین ٹریٹری انتظامیہ نے عدالت عظمیٰ کے اس فیصلے کے مطابق تازہ نوٹیفکیشن میں ایل اے ایچ ڈی سی کے انتخابات میں نیشنل کانفرنس کے لئے ‘ہل’ کے نشان کو بھی محفوظ رکھا ہے۔

قبل ازیں نیشنل کانفرنس کے امیدواروں کو کونسل انتخابات میں آزاد امید واروں کے طور متصور کرکے انہیں مختلف انتخابی نشانات الاٹ کئے گئے تھے۔

قابل ذکر ہے کہ اگست 2019 میں لداخ الگ یونین ٹریٹری بن جانے کے بعد ایل اے ایچ ڈی سی کرگل انتخابات یونین ٹریٹری میں ہونے والے پہلے انتخابات ہیں۔

یو این آئی ایم افضل

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں