گاندربل میں لوگوں کو بلیک میل کرنے کے الزام میں دو جعلی صحافی گرفتار:پولیس

سری نگر، جموں وکشمیر پولیس نے گاندربل میں لوگوں کو بلیک میل کرنے کے الزام میں دو خود ساختہ جعلی صحافیوں کو گرفتار کیا ہے۔ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پولیس اسٹیشن گنڈ کی ایک پولیس پارٹی نے لوگوں کو بلیک میل کرنے اور ان سے پیسہ وصولنے کے الزام میں دو خود ساختہ جعلی صحافیوں کو گرفتار کیا۔

گرفتار شدگان کی شناخت سہیل مقبول ولد محمد مقبول میر ساکن کنگن اور قیصر فاروق ولد فاروق احمد میر ساکن چیر ون کنگن کے بطور ہوئی ہے۔انہوں نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اسٹیشن گنڈ کو گلزار احمد کسانہ ولد عبدالرحمان کسانہ ساکن سرفراو گنڈ کی طرف سے 8 ستمبر کو ایک تحریری شکایت موصول ہوئی جس میں کہا گیا کہ دو نامعلوم افراد (جعلی صحافی) ان کی رہائش گاہ واقع سرفرو آئے اور ان سے 5 ہزار روپیے رشوت طلب کئے۔انہوں نے کہا: ‘قابل ذکر ہے کہ متاثرہ شخص سرفرو میں رہائشی مکان تعمیر کر رہا تھا کہ دو خود ساختہ صحافی جائے موقع پر پہنچ گئے اور اس سے پانچ ہزار روپیے طلب کئے ۔ان کا بیان میں کہنا تھا: ‘شکایت کے مطابق جعلی صحافی مذکورہ شخص سے پانچ سو روپیہ لے کر باقی رقم دو دن بعد ادا کرنے کو کہتے ہیں اور وہ اس کو یہ بھی کہتے ہیں کہ اگر وہ پیسہ دینے میں ناکام ہوا تو اس کے مکان کو گرا دیا جائے گا۔

موصوف ترجمان نے بتایا کہ کچھ دنوں سے شکایتیں موصول ہو رہی تھیں کہ کچھ سکوٹی سوار لڑکے جن کے ہاتھوں میں موبائل اور کیمرہ ہیں، گنڈ علاقے میں لوگوں کو بلیک میل کرکے ان سے پیسہ وصولتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چند شکایت کنندگان نے پولیس اسٹیشن گنڈ کے ساتھ رابطہ کیا اور انہوں نے بلیک میل کرنے والوں کی شناخت کی۔ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن گنڈ میں ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئیں۔

یو این آئی ایم افضل

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں