پی ڈی پی کا باہر کے سیبوں پر کسٹم ڈیوٹی میں تخفیف کے فیصلے کے خلاف احتجاج

سری نگر، پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) نے بدھ کو یہاں امریکی سیبوں پر کسٹم ڈیوٹی میں تخفیف کرنے کے مرکزی حکومت کے فیصلے کے خلاف احتجاج درج کیا۔

احتجاجی جن میں پارٹی کے لیڈران و کارکنان شامل تھے، نے ہاتھوں میں بینرس اٹھا رکھے تھے اور وہ جم کر نعرہ بازی کر رہے تھے۔

اس موقع پر پارٹی کے ترجمان اعلیٰ سید سہیل بخاری نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ جموں وکشمیر کی معاشی حالت خراب کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا: ‘ہارٹیکلچر ہماری معشیت کے لئے ریڑھ کی ہڈی ہے، اس پر بھی لگاتار نشانہ سادھا جار ہا ہے’۔

ان کا کہنا تھا: ‘گذشتہ برسوں کے دوران میوہ گاڑیوں کو لکھن پور میں روکا جاتا تھا جس سے میوہ خراب ہوجاتا تھا اور پھر اس کی ریٹ کم ہوجاتی تھی’۔

موصوف ترجمان نے کہا کہ سیب کی صنعت سے وابستہ لاکھوں لوگوں کے مالی حالات خراب ہیں۔

انہوں نے کہا: ‘سرکار کو چاہئے تھا کہ ان کو سپورٹ کرتی لیکن اس کے برعکس باہر کے سیب کو سستا کیا گیا تاکہ جموں وکشمیر کے سیب کا بھائو کم ہوجائے’۔

ان کا کہنا تھا: ‘یہ صرف جموں و کشمیر کا ہی معاملہ نہیں ہے بلکہ ہماچل پردیش میں بھی سیب کی کاشت کی جاتی ہے اس پر بھی اثر پڑے گا’۔

مسٹر بخاری نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ اس فیصلے کو واپس لیا جائے تاکہ جموں وکشمیر کی یہ صنعت بچ سکے۔

ان کا الزام تھا: ‘پہلے ہماری نوکریاں اور وسائل چھین لئے گئے اور اب ہمارےہارٹیکلچر پر لگاتار حملے کئے جا رہے ہیں’۔

یو این آئی ایم افضل

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں