کشمیر: کوکر ناگ کے گڈول جنگل علاقے میں آپریشن ساتویں روز بھی جاری

سری نگر، جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے گڈول کوکرناگ کے جنگل علاقے میں منگل کو مسلسل ساتویں روز بھی آپریشن جاری ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے کمیں گاہ کو پوری طرح سے تباہ کر دیا ہے اوروسیع پیمانے پر تلاشی آپریشن جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے کمیں گاہ میں چھپے جنگجوئوں کو مار گرانے کے لئے مارٹر، گرینیڈ لانچر،مشین گن وغیرہ کے علاوہ اسرائیلی ساخت کے جدید سامان کا بھی استعمال کیا ہے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز نے پیر کی شام ایک فوجی جوان کی لاش بر آمد کی جو گذشتہ 6 روز سے لاپتہ تھا۔اس فوجی جوان کی شناخت پردیپ سنگھ کے بطور ہوئی ہے جو فوج کی 19 آر آر سے وابستہ تھا۔

ذرائع کے مطابق فوج نے ایک جھلسی ہوئی لاش بھی بر آمد کی ہے جس کی شناخت معلوم کی جا رہی ہے۔13 ستمبر کو شروع ہونے والے اس آپریشن کے آغاز میں ہی ڈی ایس پی ہمایوں بٹ، کرنل منپریت سنگھ اور میجر آشیش دھونک جاں بحق ہوئے تھے۔معلوم ہوا ہے کہ اتوار کواحتیاطی طور پر سیکورٹی محاصرے کو پوش کریری علاقے تک وسیع کر دیا گیا ہے تاکہ پھنسے ہوئے جنگجو فرار ہونے میں کامیاب نہ ہوسکیں۔

فوج کی شمالی کمان کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اوپندرا دیویدی نے ہفتے کے روز جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے گڈول کوکر ناگ جنگل علاقے میں جاری انکائونٹر کی آپریشنل صورتحال کا جائزہ لیا۔

علاوہ ازیں جموں وکشمیر پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پولیس کشمیر وجے کمار و دیگر افسران آُپریشن پر کی کڑی مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔

یو این آئی ایم افضل

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں