جموں کے ارینہ سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد پر پاکستانی فوج کی فائرنگ:بی ایس ایف

جموں، جموں کے ارینہ اور سوچیت گڑھ سیکٹروں میں بین الاقوامی سرحد پر پاکستانی رینجروں نے جمعرات کی شام بھاری فائرنگ اور گولہ باری کی۔

ذرائع کے مطابق اس فائرنگ کے نتیجے میں ایک بی ایس ایف اہلکار اور 4 عام شہری زخمی ہوئے ہیں جبکہ ایک مکان کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

اطلاعات کے مطابق پاکستانی رینجروں کی فائرنگ سے کئی لوگ اپنے گھر چھوڑ کر محفوظ جگہوں میں پناہ گزیں ہوئے ہیں۔

تاہم فائرنگ بند ہونے کے بعد یہ لوگ جمعہ کی صبح واپس اپنے گھت آنے لگے۔
بی ایس ایف کے ایک ترجمان نے بتایا: ‘پاکستانی رینجروں نے جمعرات کی شام 8 بجے کے قریب ارینہ سیکٹر میں بی ایس ایف کی چوکیوں پر بلا اشتعال فائرنگ کی’۔

انہوں نے کہا کہ وہاں پر تعینات بی ایس ایف جوانوں نے بھر پور جوابی کارروائی انجام دی۔
مقامی لوگوں نے میڈیا کو بتایا کہ پاکستانی فوج نے شام 8 بجے فائرنگ شروع کی اور ارینہ سکٹر میں قریب نصف درجن دیہات کو نشانہ بنایا گیا جس سے مکانوں کو بھی نقصان پہنچا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی فوج نے سوچیت گڑھ میں بھی فائرنگ کی۔

ایک خاتون کا کہنا تھا کہ فائرنگ کا یہ سلسلہ قریب گیارہ بجے رات تک جاری رہا جس کی وجہ سے ہم رات بھر سو نہیں سکے خاص طور پر بچے خوف زدہ ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو علاج و معالجے کے لئے گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت مستحکم ہے۔

دریں اثنا پاکستانی فوج کی فائرنگ سے سرحدی علاقوں کے لوگوں میں ایک بار پھر خوف و یراس پھیل گیا ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق لوگ ایک بار پھر انپے گھر چھوڑ کر محفوظ علاقوں کی طرف منتقل ہو رہے ہیں۔

یاد رہے کہ 17 اکتوبر کو اسی سیکٹر میں پاکستانی رینجروں کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں بی ایس ایف کے دو اہلکار زخمی ہوئے تھے۔

قابل ذکر ہے کہ 25 فروری 2021 کو بھارت اور پاکستان کے ڈی جی ایم اوز کی جانب سے سرحدوں اور کنٹرول لائن پر جنگ بندی معاہدے کی پاسداری پر دستخط ہوئے تھے جس کے بعد جموں کشمیر کے سرحدی علاقوں میں رہائش پزیر عوام نے راحت کی سانس لی تھی۔

قبل ازیں دونوں مملک کے درمیان سال 2003 میں جموں وکشمیر کے سرحدوں پر جنگ بندی کا معاہدہ طے پایا تھا۔

جموں وکشمیر کے سرحدوں پر طرفین کے درمیان گولہ باری کے تبادلے کے نتیجے میں دو نوں طرف بے تحاشا جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔

یو این آئی -ایم افضل

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں