جموں،جموں وکشمیر کے پونچھ ضلع کے بفلیاز علاقے میں مشتبہ ملی ٹینٹوں نے فوجی گاڑی پر گھات لگا کر حملہ کیا جس کے نتیجے میں چند فوجی اہلکاروں کے زخمی ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین شدید گولیوں کا تبادلہ جاری ہے۔ذرائع نے بتایا کہ پونچھ کے بفلیاز علاقے میں جمعرات کی صبح سیکورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد ملی ٹینٹ مخالف آپریشن شروع کیا۔
ذرائع کے مطابق جمعرات کی سہ پہر جوں ہی سیکورٹی فورسز کے اہلکار واپس بارکوں کی اور جارہے تھے کہ اسی اثنا میں تاک میں بیٹھے ملی ٹینٹوں نے ڈی کے جی بفلیاز روڈ پر فوجی گاڑیوں پر گھات لگا کر حملہ کیا ۔
معلوم ہواہے کہ فوج نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی شروع کی جس دوران پورا علاقہ گولیوں کی گن گرج سے لرز اٹھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ملی ٹینٹوں کی ابتدائی فائرنگ میں کئی فوجی اہلکار زخمی ہوئے ہیں تاہم دفاعی ترجمان نے اس کی تصدیق نہیں کی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ فوج کی اضافی کمک کو جائے وقوع کی اور روانہ کیا گیا ہے ۔آخری اطلاعات موصول ہونے تک علاقے میں شدید گولیوں کا تبادلہ جاری تھا۔اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
یو این آئی، ارشید بٹ