پی ایس سی یا جے کے ایس ایس بی کےتحت اسامیوں کو 6 ماہ کے اندر پُر کیا جائے گا:منوج سنہا

جموں، جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ پبلک سروس کمیشن (پی ایس سی) یا جموں وکشمیر سروس سلیکشن بورڈ (جے کے ایس ایس بی) کے تحت مشتہر کی گئی اسامیوں کو 6 ماہ کے اند ر پُر کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ پرائیویٹ سیکٹر میں دیویانگجن کے لئے روز گار کے مواقع کو یقینی بنانے کے لئے ایک قانونی فریم ورک تیا کیا جائے گا۔

موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو یہاں ‘پرپل فیسٹول’ کا افتتاح کرنے کے بعد سماجی رابطہ گاہ ‘ایکس’ پر اپنے سلسلہ وار پوسٹس میں کیا۔

انہوں نے کہا: ‘گذشتہ مالی سال کے دوران 384 دیویانگ جنوں کو سرکاری ملازمتیں فراہم کی گئیں’۔

ان کا کہنا تھا: ‘ریزرویشن میں بھی 3 سے 4 فیصد اضافہ کیا گیا ہے’۔
انہوں نے کہا: ‘پی ایس سی یا جے کے ایس ایس بی کے تحت اسامیوں کو 6 ماہ کے اندر پُر کیا جائے گا ہم پرائیویٹ سیکٹر میں دیویانگجن کے لئے روز گار کے مواقع کو یقینی بنانے کے لئے ایک قانونی فرایم ورک تیار کریں گے’۔

منوج سنہا نے کہا کہ نجی کمپنیوں اور انفرادی انو ویٹرز نے گذشتہ برسوں میں نئی ٹیکنالوجی میں متاثر کن پیش قدمی کی ہے۔

انہوں نے کہا: ‘میں ان سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ دیویانگجن کے لئے صارف دوست آلات تیار کریں جو ان کی بحالی کے عمل اور با اختیار بنانے میں مدد گار ثابت ہوں گے’۔

بتادیں کہ جموں وکشمیر گو کے بعد ملک کی دوسری جگہ ہے جہاں دو روزہ ‘پرپل فیسٹول’ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

یو این آئی- ایم افضل

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں