اننت ناگ: رہائشی مکان کی تلاشی کے دوران 9.27کلو چرس پاوڈر اور 867 شراب کی بوتلیں برآمد میاں، بیوی سمیت تین گرفتار:پولیس

سری نگر، جنوبی ضلع اننت ناگ میں پولیس نے رہائشی مکان کی تلاشی کے دوران 9.27کلو چرس پاوڈر اور 867 شراب کی بوتلیں برآمد کرکے ضبط کیں۔

پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ اننت ناگ پولیس کو مصدقہ اطلاع موصول ہوئی کہ ایک کنبہ غیر قانونی طورپر شراب فروخت کرنے اور ممنو ع نشیلی اشیاءکے کاروبار میں ملوث ہے۔

انہوں نے بتایا کہ محمد رمضان گنائی ولد غلام رسول گنائی، شہزادہ اختر زوجہ محمد رمضان گنائی، زبیر رمضان گنائی ولد محمد رمضان گنائی ساکنان سیر ہمدان مٹن اننت ناگ غیر قانونی طورپر شراب اور چرس پاوڈر فروخت کرنے کے کاروبار میں ملوث ہیں۔

موصوف ترجمان نے بتایا کہ باوثوق ذرائع سے پولیس کو پتہ چلا کہ کنبے نے رہائشی مکان کے صحن میں کمین گاہ بنائی ہے جہاں پر انہوں نے شراب اور ممنوع نشیلی اشیاء کا ذخیرہ جمع کیا ہے۔

پولیس نے معاملے کی نسبت ایف آئی آر زیرنمبر 4/2024کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اننت ناگ پولیس اور ایگزیکٹیو مجسٹریٹ کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جنہوں نے رہائش مکان پر چھاپہ مارا ۔

معلوم ہوا ہے کہ رات بھر رہائشی مکان کی تلاشی کے دوران پولیس ٹیم نے 9.27کلو چرس پاوڈ ر اور 867شراب کی بوتلیں برآمد کرکے ضبط کیں۔

پولیس نے میاں ، بیوی اور اس کے فرزند کو دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔
پولیس نے رہائشی مکان سے ایک سیوفٹ گاڑی ، بالنو گاڑی ، موٹر سائیکل اور نقدی تیرہ ہزار 325روپیہ بھی تحویل میں لئے۔

دریں اثنا پولیس نے عوام الناس سے ایک دفعہ پھر اپیل کی ہے کہ وہ منشیات اور غیر قانونی طورپر شراب فروخت کرنے والوں کے بارے میں پولیس کو مطلع کریں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ منشیات کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانا اب ناگزیر بن گیا ہے ۔

یو این آئی- ارشید بٹ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں