محبوبہ مفتی کی حفاظت کویقینی بنانے کی خاطر وسیع اورجدید حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں: پولیس ترجمان

سری نگر، جموں و کشمیر پولیس نے جمعہ کو کہا کہ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) صدر محبوبہ مفتی کو زیڈ پلیس سیکورٹی میسرہیں اور ان کی حفاظت کو یقینی بنانے کی خاطر وسیع اور جدید حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔

پولیس کے ایک ترجمان نے جمعے کی شام کو بتایا کہ سابق وزیرا علیٰ اور پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کی حفاظت کو یقینی بنانے کی خاطر زمینی سطح پر اقدامات کئے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ محبوبہ مفتی زیڈ پلیس سیکورٹی سے لیس ہے جس میں 34اہلکاروں کی ایک ٹیم شامل ہیں۔
ان کے مطابق پولیس ٹیم کی قیادت ایک انسپکٹر کے عہدے کا سیکورٹی آفیسر کررہا ہے اور یہ کہ پرنسپل سیکورٹی آفیسرس (پی ایس اوز)بھی اس میں شامل ہے جو خاص طور پر جدید تربیت یافتہ ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ شاہراوں پر سفر کے دوران محبوبہ مفتی کی حفاظت کو یقینی بنانے کی خاطر بھی الگ سے ایک حفاظتی ٹیم موجود ہے۔

موصوف ترجمان کے مطابق محبوبہ مفتی کے حفاظتی قافلے میں متعدد گاڑیاں ہیں جن میں جیمر گاڑی بھی شامل ہیں جو الیکٹرانک خطرات کو بے اثر کرنے کے لئے ڈیزائن کی گئی ہے۔

پولیس بیان کے مطابق سری نگر کے مضافاتی علاقے کھمبر میں محبوبہ مفتی کی رہائش گاہ پر نیم فوجی اہلکاروں کی ایک مضبوط ٹیم تعینات کی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز حادثے کے ایک گھنٹے بعد ہی محبوبہ مفتی کو متبادل گاڑی فراہم کی گئی۔
ترجمان نے مزید کہاکہ حادثہ سری نگر سے تقریباً پچاس کلومیٹر کی دوری پر پیش آیااور خصوصی بیلٹ پروف گاڑی کو فوری طورپر سری نگر سے سنگم کی جانب روانہ کیا گیا ۔

انہوں نے کہاکہ سینئر افراد کی سیکورٹی کے بارے میں عوامی سطح پرتفصیلات فراہم نہیں کی جاتی لیکن ہم نے مناسب جانا کہ محبوبہ مفتی اورسبھی پروٹیکٹیڈ پرسن اور پی ڈی پی سے وابستہ کارکنوں کو محبوبہ مفتی کی سیکورٹی کے بارے میں آگاہی فراہم کی جائے۔

یو این آئی- ارشید بٹ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں