کشمیر میں زمستانی ہواوں کا زور تیز تر، سری نگر میں شبانہ درجہ حرارت منفی4.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ

سری نگر وادی کشمیر میں خشک موسمی صورتحال کے بیچ شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج ہونے سے گرچہ دوران شب ٹھٹھرتی سردیوں کا راج جاری ہے تاہم دن کے دوران درجہ حرارت معمول سے زیادہ ریکارڈ ہونے سے لوگوں کو سردی سے راحت نصیب ہو رہی ہے محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں 23 جنوری تک موسم خشک رہنے کا ہی امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس دوران 16 اور 20 جنوری کو کمزور مغربی ہواﺅں کے داخل ہونے سے مطلع ابر آلود ہونے کے ساتھ پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری ہوسکتی ہے۔

ادھر وادی کشمیر میں جاری خشک موسمی صورتحال سے مختلف شعبہ ہائے حیات متاثر ہو رہے ہیں اور لوگوں خاص طور پر کسانوں میں گونا گوں خدشات پائے جا رہے ہیں۔

وادی کی عبادت گاہوں میں رحمت باراں کے لئے نماز استسقا ادا کی جا رہی ہیں اور دعائیں جا رہی ہیں۔

دریں اثنا گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی4.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 4.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی1.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی5.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی4.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی4.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی4.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی4.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

وادی میں خشک اور قدرے گرم موسم کے بیچ جہاں چلہ کلاں میں لوگوں کو پارکوں وغیر میں ہلکی دھوپ سے لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھا جا رہا ہے وہیں نوجوان دن بھر کرکٹ میدانوں میں کھیلتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔

لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی8.2 ڈگری سینٹی گریڈ اور ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی8.3 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قصبہ دراس جو سائیبریا کے بعد دنیا کا دوسرا سرد ترین علاقہ ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت منفی12.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

قابل ذکر ہے کہ وادی کشمیر میں چالیس روزہ چلہ کلان 21 دسمبر سے مسند اقتدار پر پوری آب وتاب کے ساتھ جلوہ افروز ہے۔

چلہ کلان جو ’شہنشہاہ زمستان‘ کے نام سے بھی وادی کے قرب وجوار میں مشہور ہے،21 دسمبر سے شروع ہو کر 31 جنوری کو اختتام پذیر ہوجاتا ہے

یواین آئی-ارشید بٹ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں