کشمیر: سیاحتی مقام پہلگام میں ماہ جنوری کا سب سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ

سری نگر، وادی کشمیر میں سردیوں کے بادشاہ چالیس روزہ چلہ کلان کے دوران گرمی کے نئے ریکارڈ قائم ہو رہے ہیں۔

جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں واقع مشہور سیاحتی مقام پہلگام کی تاریخ میں پیر کے روز ماہ جنوری کا گرم ترین دن ریکارڈ ہوا ہے۔

ماہر موسمیات فیضان عارف کے مطابق سیاحتی مقام پہلگام میں پیر کے روز درجہ حرارت 14.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 10.0 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔

انہوں نے کہا کہ یہ پہلگام کی تاریخ میں ماہ جنوری میں ریکارڈ ہونے والا سب سے زیادہ درجہ حرارت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلگام میں اتنا درجہ حرارت ماہ مارچ کے آخر میں درج ہوتا تھا۔
قبل ازیں پہلگام میں 14 جنوری 2018 کو درجہ حرارت 13.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

قابل ذکر ہے کہ وادی میں خشک موسمی صورتحال کا سلسلہ دراز ہوتا جا رہا ہے جس کے نتیجے میں وادی میں دن کے دوران اچھی خاصی گرمی محسوس کی جا رہی ہے۔

وادی میں خشک موسمی صورتحال کے پیش نظر جہاں تمام تر شعبہ ہائے حیات متاثر ہو رہے ہیں وہیں یہاں موجود غیر مقامی سیاح بھی برف باری کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں 23 جنوری تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔

یو این آئی – ایم افضل

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں