کشمیر:شبانہ آگ کی وارداتوں میں دو رہائشی مکان خاکستر، متعدد جنگلی علاقوں میں بھی آتشزدگی

سری نگر وادی کشمیر میں درمیانی شب آگ کی وارداتوں میں دو رہائشی مکان اور دو شیڈ خاکستر ہوئے ہیں جبکہ متعدد جنگلی علاقوں میں بھی آگ نمودار ہوئی۔

فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ واری پورہ ویلگام کپواڑہ میں درمیانی شب آگ کی ایک واردات رونما ہونے کی اطلاع ملتے ہی فائر عملہ جائے موقع پرپہنچا ۔

انہوں نے بتایا کہ بروقت کارروائی کے نتیجے میں آگ پر قابو پایا گیا تاہم آتشزدگی کی اس واردات میں رہائشی مکان پوری طرح سے خاکستر ہوا ہے۔

بانڈی پورہ کے بالا گاوں میں آگ کی ایک واردات میں دو شیڈ خاکستر ہوئے جبکہ حیات پورہ بیروہ میں اس وقت سراسیمگی دوڑ گئی جب آگ کی ہولناک واردات میں رہائشی مکان خاکستر ہوا۔

فائراینڈ ایمرجنسی کے عہدیدار نے بتایا کہ درمیانی شب بابا پورہ گورجر بستی کولگام ، وٹلب کنڈی سوپور ، پانزل رفیع آباد اور ترال کے جنگلی علاقوں سے آگ نمودار ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ متعلقہ محکمہ اور فائر اینڈ ایمرجنسی عملے کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں آگ پر قابو پایا گیا۔

حکام کا کہنا ہے: لوگوں کو اپنے نزدیکی فائر اسٹیشن کا فون نمبر ضرور اپنے پاس رکھنا چاہئے اور اس کے علاوہ فائر ایکس ٹنگوشرز بھی گھروں میں نصب کرنے چاہئے۔

انہوں نے کہا: ‘لوگ اکثر پہلے پولیس کو فون کرتے ہیں جس کے بعد پولیس ہمیں مطلع کرتی ہے جو جائے واردات پر دیر سے پہنچنے کا سبب بن جاتی ہے’۔

قابل ذکر ہے کہ وادی کشمیر میں گذشتہ دنوں کے دوران آگ کی وارداتوں میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔

آئے روز وادی کے کسی نہ کسی علاقے میں آگ کی واردات رونما ہوتی ہے جو لوگوں کے لئے فکر مندی کا باعث بن گیا ہے۔

یواین آئی- ارشید بٹ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں