سری نگر، شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے کھمبر پٹن علاقے میں دوران شب آگ کی ایک بھیانک واردات میں دو رہائشی مکان خاکستر جبکہ 26 سالہ نوجوان جھلس پر لقمہ اجل بن گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ بارہمولہ کے کھمبر پٹن علاقے میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب قرب دو بجے محمد رمضان ڈار کے مکان میں آگ نمودار ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ آگ کے شعلوں نے چشم زدن میں متصل واقع ایک اور مکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ اطلاع موصول ہوتے ہی فائر ٹنڈرس جائے واردات پر پہنچے اور آگ کو قابو میں کر لیا تاہم اس واردات میں دو رہائشی مکان خاکستر ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ ملبے کو صاف کرنے کے دوران ایک جھلسی ہوئی لاش بر آمد کی گئی جس کی شناخت 26 سالہ عادل احمد ڈار ولد محمد رمضان ڈار کے طور پر ہوئی ہے۔
دریں اثنا پولیس نے اس سلسلے میں ایک کیس درج کرکے کارروائیاں شروع کی ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ وادی کشمیر میں جاری مسلسل خشک موسمی صورتحال کے بیچ آتشزدگی کی واردات میں اضافہ درج ہو رہا ہے۔
یو این آئی -ایم افضل