کشمیر میں شبانہ سردیوں کا زور جاری، اگلے ہفتےخشک موسمی صورتحال ٹوٹ جانے کا امکان

سری نگر، وادی کشمیر میں خشک موسمی صورتحال کے بیچ شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج ہونےسے دوران شب ٹھٹھرتی سردیوں کا راج برابر قائم ہے۔

محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جو معمول سے 2.7 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔

وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی4.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 3.7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔

وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی6.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے1.3 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔

سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی4.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 2.0 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔

گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی4.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے0.9 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔

لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی11.5 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی11.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

دریں اثنا محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں جاری خشک موسمی صورتحال ماہ رواں کے آخری ایام کے دوران ٹوٹ جانے کا امکان ہے۔

متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 24 جنوری تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ وادی میں 25 اور 26 جنوری کو موسم ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری کا امکان ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں 27 اور 28 جنوری کو بھی موسم ابر آلود رہنے کے ساتھ کہیں کہیں ہلکی بارشیں یا برف باری متوقع ہے جبکہ 20 سے 31 جنوری کے دوران کئی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشیں یا برف باری کا امکان ہے۔

موصوف ترجمان نے بتایا کہ بعد میں وادی میں یکم فروری کو بھی ہلکی بارشوں یا برف باری کا امکان ہے۔

وادی میں سردیوں کے بادشاہ چلہ کلان کے 33 ویں دن بھی موسم خشک رہا اور دن بھر ہلکی دھوپ چھائی رہی۔

وادی میں جاری خشک موسمی صورتحال سے جہاں تمام تر شعبہ ہائے حیات پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں وہیں یہاں موجود غیر مقامی سیاحوں میں بھی مایوسی پائی جا رہی ہے۔

وادی میں برف باری کے لئے دعائیہ مجالس اور نماز استسقا کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ وادی کشمیر میں چالیس روزہ چلہ کلان 21 دسمبر سے مسند اقتدار پر جلوہ افروز ہے۔

چلہ کلان جو ’شہنشہاہ زمستان‘ کے نام سے بھی وادی کے قرب وجوار میں مشہور ہے،21 دسمبر سے شروع ہو کر 31 جنوری کو اختتام پذیر ہوجاتا ہے۔

یو این آئی – ایم افضل

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں