سری نگر، ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر کشمیر نگہت جبین کا کہنا ہے کہ سری نگر میں ہزاروں روپیے مالیت کی ممنوعہ ادویات کی ایک کھیپ کو ضبط کرکے ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔انہوں نے جمعرات کو میڈیا کو بتایا: ‘سٹیٹ ٹیکس افسر نے ایک ای میل ڈالا کہ کارگو میں ایک مشتبہ ادویات کی کھیپ آئی ہے جس کے متعلق ہم نے ایک ٹیم تشکیل دی اور ایس ایچ او ہمہامہ اور ایس پی بڈگام کے ساتھ یہ معاملہ اٹھایا جنہوں نے پولیس کی ایک ٹیم بھیج دی’۔ان کا کہنا تھا کہ جو اس کھیپ کو لینے آیا تھا اس کو ہماری ٹیم نے بند رکھا اور پھر پولیس نے اس کو تحقیقات کے لئے گرفتار کیا۔
نگہت جبین نے کہا کہ تحقیقات سے معلوم ہوا کہ یہ ممنوعہ ادویات کی کھیپ اس نے آن لائن بک کی تھی۔
انہوں نے کہا: ‘گرفتار شدہ کی فون تفصیلات سے معلوم کہ ایسا اس نے پہلی دفعہ نہیں کیا تھا بلکہ اس سے قبل بھی اس نے دو تین بار ممنوعہ ادویات بک کی تھیں’۔ان کا کہنا تھا: ‘ضبط شدہ ادویات میں ٹیپنٹا ڈول کے ایک سو سٹرپ ہیں جن کی قیمت قریب 35 ہزار روپیے ہیں’۔
ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر نے کہا کہ گرفتار شدہ کے فون سے مزید انکشافات ہوئے ہیں جو ہمارے لئے چشم کشا ہیں۔انہوں نے کہا کہ فون تفصیلات کے مطابق یہ دلی میں اپنے بندے سے کلو رو فام بھی مانگ رہا تھا جو ایک پریشان کن مسئلہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں تحقیقات جاری ہیں کہ آیا یہ بندہ جو ایک آٹو ڈرائیور ہے، کیسے آرڈر کر رہا تھا اور پھر کس کو سپلائی کر رہا تھا۔انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی کارگو بلڈنگ سے ہم نے کئی کھیپ ضبط کئے ہیں۔
یو اینآئی ایم افضل