سری نگر، جموں وکشمیر کی گرمائی راجدھانی سری نگر کے جواہر نگر علاقے میں آتشزدگی کی بھیانک واردات میں رہائشی مکان کو نقصان پہنچا ۔
فائر اینڈ ایمرجنسی عملے نے رہائشی مکان سے معمر شہری کی جھلسی لاش برآمد کی ۔
اطلاعات کے مطابق سری نگر کے جواہر نگر علاقے میں بدھ کی شام کو رہائشی مکان سے اچانک آگ نمودار ہوئی چنانچہ مقامی لوگوں نے فائر اینڈ ایمرجنسی عملے کو اس بارے میں مطلع کیا۔
فائر اینڈ ایمرجنسی کے اہلکار فوری طورپر جائے موقع پر پہنچے اور آگ بجھانے کی کارروائی شروع کی ۔ انتھک کوشش کے بعد آگ پر قابو پایا گیا تاہم رہائشی مکان سے ایک معمر شہری کی جھلسی لاش برآمد کی گئی۔
متوفی کی شناخت 75سالہ بشیر احمد کے بطور ہوئی ہے ۔
فائر اینڈ ایمرجنسی محکمہ کے ایک سینئر عہدیدار نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ بدھوار شام ساڑھے سات بجے جواہرنگر علاقے میں رہائشی مکان سے آگ نمودار ہونے کی اطلاع موصول ہوتے ہی عملہ جائے موقع پر پہنچا اور چھ فائر ٹینڈروں کی مدد سے آگ پر قابو پایا گیا ۔
انہوں نے بتایا کہ آگ رہائشی مکان کی نچلی منزل سے نمودار ہوئی اور مکان پختہ ہونے کے باعث آگ صرف ایک کمرے تک ہی محدود ہو کر رہ گئی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جس کمرے کو آگ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا وہاں پر معمر شہری اور اس کی اہلیہ موجود تھی چنانچہ آگ کی لپٹوں میں پھنس کر اگر چہ معمر شہری لقمہ اجل بنا تاہم اس کی اہلیہ معجزاتی طور پر بچ نکلنے میں کامیاب ہوئی ۔
ذرائع نے بتایا کہ رہائشی مکان سے آگ کیسے نمودار ہوئی اس بارے میں جانچ پڑتال شروع کی گئی ہے اور باور کیا جارہا ہے کہ گیس کے اخراج یا الیکٹرک کمل کی وجہ سے آگ نمودار ہوئی ہوگی تاہم اس بارے میں کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی اس بارے میں وثوق کے ساتھ کچھ کہا جاسکتا ہے۔
یو این آئی- ارشید بٹ