شمالی کشمیر کے قصبہ ہندوارہ میں بدنام زمانہ منشیات فروش کی جائیداد قرق: پولیس

سری نگر منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع کپوارہ کے ہندوارہ قصبے میں ایک بدنام زمانہ منشیات فروش کے منی شاپنگ کمپلیکس کو قرق کر دیا۔

پولیس نے مذکورہ جائیداد پر ایک نوٹس چسپاں کی ہے جس میں لوگوں سے کہا گیا ہے کہ اس جائیداد کو ضبط کیا گیا ہے لہذا کوئی اس کو نہ خریدے۔

ایک پولیس ترجمان نے جائیداد منسلکی کی اس کارروائی کے بارے میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ہندوارہ پولیس نے ایک بدنام زمانہ منشیات فروش کی جائیداد جو 4 دکانوں پر مشتمل ایک منی شاپنگ کمپلیکس ہے، کو این ڈی پی ایس کے متعلقہ دفعات کے تحت منسلک کر دیا ہے۔

انہوں نے منشیات فروش کی شناخت فاروق احمد ڈار ولد محمد سلطان ڈار ساکن لچھی پورہ ہندوارہ کے بطور کی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ مذکورہ منشیات فروش پولیس اسٹیشن ہند وارہ میں درج کئی کیسوں میں ملوث ہے۔

موصوف ترجمان نے کہا کہ ہند وارہ پولیس کی طرف سے کی گئی تحقیقات کے دوران مذکورہ جائیداد کی شناخت غیر قانونی طور حاصل شدہ جائیداد کے طور پر ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا: ‘ بیان میں کہا گیا: ‘یہ جائیداد پہلی نظر میں مالک کی جانب سے منشیات اور سائیکو ٹراپک مواد کی غیر قانونی اسمگلنگ سے حاصل کی گئی تھی’۔

ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ بد نام زمانہ منشیات فروش فی الحال پی آئی ٹی این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت کوٹ بلوال جموں میں زیر حراست ہے۔

یو این آئی- ایم افضل

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں