بارہمولہ میں ماہ جنوری کے دوران 39 منشیات فروش گرفتار، لاکھوں روپیوں کا نشہ آور مواد ضبط:پولیس

سری نگر، منشیات کے خلاف جنگ کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں سال رواں کے پہلے مہینے یعنی ماہ جنوری کے دوران این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت 24 مقدمے درج کرکے 3 سخت گیر منشیات فروشوں سمیت 39 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ہے اور ان کی تحویل سے لاکھوں روپیوں کا نشہ آور مواد ضبط کیا ہے۔

ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بارہمولہ پولیس نے ماہ جنوری کے دوران منشیات فروشوں کے خلاف این ڈی پی ای ایکٹ کے تحت 24 مقدمے درج کئے اور اس دوران 3 سخت گیر منشیات فروشوں سیمت 39 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ منشیات فروشوں سے 5 گاڑیاں اور زائد از 15 لاکھ روپیے مالیت کا نشہ آور مواد ضبط کیا گیا۔

انہوں نے گرفتار شدہ منشیات فروشوں سے ضبط شدہ نشہ آور مواد کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ گرفتار شدگان کی تحویل سے ضبط شدہ نشہ آور مواد میں 382 گرام برائون شوگر جس کی بلیک مارکیٹ میں قیمت4.96 لاکھ روپیے ہے، 183 گرام ہیرائن جس کی بلیک مارکیٹ میں قیمت 2.56 لاکھ روپیے ہے، 1.322 کلو چرس جس کی بلیک مارکیٹ میں قمیت6.61 لاکھ روپیے ہے اور 20.5 کلو فکی/ بھنگ جس کی بلیک مارکیٹ میں قیمت 1.33 لاکھ روپیے ہے، شامل ہے۔

قابل ذکر ہے کہ بارہمولہ پولیس نے منشیات کے خلاف وسیع پیمانے پر جنگ کو جاری رکھتے ہوئے سال 2023 کے دوران این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت 264 مقدمے درج کرکے 464 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا۔

یو این آئی- ایم افضل

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں