جموں، جموں وکشمیر کے پولیس سربراہ آر آر سوین نے یونین ٹریٹری میں منشیات اسمگلنگ میں ملوث اسمگلروں کے خلاف سخت اور منصوبہ بند کارروائی کرنے پر زور دیا ہے۔
انہوں نے ماہانہ جرائم جائزہ میٹنگ سے خطاب کرنے کے دوران کہا: ‘منشیات کی تجارت انتہائی خطرناک ہے کیونکہ یہ نہ صرف نوجوان نسل کو تباہ کرتی ہے بلکہ دہشت گردی سرگرمیوں کی حمایت کے لئے فنڈ اکٹھا کرنے کے لئے بھی استعمال کی جاتی ہے’۔
انہوں نے افسروں سے تاکید کی کہ وہ منشیات اسمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف سخت اور منصوبہ بند کارروائیاں عمل میں لائیں۔
ایک ترجمان نے بتایا کہ موصوف ڈی جی پی نے میٹنگ کے دوران افسروں سے تاکید کی کہ وہ منشیات فروشوں اور منشیات کے عادی افراد کا ایک ریکارڈ ترتیب دیں تاکہ اس سلسلے میں ہمہ گیر کارروائیاں انجام دی جا سکیں۔
انہوں نے افسروں کو قوانین کی بار بار خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں اور منشیات کی نقل و حمل میں ملوث پائے جانے والے ڈرائیورں اور ان کی گاڑیوں کی ایک فہرست بنانے کی بھی ہدایت دی۔
انہوں نے منشیات کے متاثرین، اسمگلروں اور ڈیلروں کی درجہ بندی کرنے پر زور دیتے ہوئے افسروں سے کہا کہ وہ ماضی کے تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے منشیات اسمگلروں کے پس منظر اور آگے کے روابط کو دیکھیں۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ میٹنگ کے دوران تفتیش کو بہتر بنانے اور جرائم کے مقدمات بالخصوص منشیات اور گائے اسمگلنگ سے نمٹنے کے کئی اہم پہلوئوں کو بہتر بنانے پر بھی زور دیا گیا۔
میٹنگ میں مسٹر آر آر سوین نے کہا: ‘ضلع یا زون کے جرائم نقشے سے جرائم کے مقدمات کے تصفیے کی شرح اور معیار اجاگر ہونا چاہئے اور جرائم کے تصفیے کی کار کردگیوں کو بہتر بنانے کے لئے ایک جامع،تازہ ترین اور درست ڈاٹا بیس بنایا جانا چاہئے’۔
موصوف ڈی جی پی نے کہا کہ تحقیقات میں غیر معمولی کاکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسروں کو بہترین ضلع اور بہترین پولیس اسٹیشن کے طور پر انعامات سے نوازا جائے گا۔
یو این آئی- ایم افضل