سری نگر،جموں وکشمیر میں ملی ٹینسی کے ماحولیاتی نظام کو تباہ کرنے کے لیے کوششوں کو جاری رکھتے ہوئے سٹیٹ انوسٹی گیشن ایجنسی(ایس آئی اے) نے جمعہ کے روز سری نگر اور دہلی میں پانچ مقامات پر چھاپہ مار کارروائیاں انجام دیں۔
ایس آئی اے کے مطابق چھاپہ ماری کے دوران موبائیل فون، ڈیجیٹل اور مجرمانہ مواد کو برآمد کرکے ضبط کیا گیا ہے۔
ایس آئی اے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ سٹیٹ انوسٹی گیشن ایجنسی نے جمعے کے روز سری نگر اور دہلی میں پانچ مقامات پر چھاپے مارے۔
انہوں نے بتایا کہ ایس آئی اے کی خصوصی ٹیموں نے بیک وقت چھاپہ مار ے جس دوران تفتیش سے متعلقہ بینک دستاویزات، جائیداد وں سے متعلق دستاویزات، موبائل فونز، ڈیجیٹل مواد، سم کارڈز وغیرہ کی شکل میں مجرمانہ مواد قبضے میں لے لیا گیا ۔
موصوف ترجمان کے مطابق یہ مقدمہ پولیس تھانہ ایس آئی اے کشمیر میں درج کیا گیا، تحقیقات کے دوران منکشف ہوا کہ قلیل عرصے میں کئی کروڑ روپیہ کا فنڈ اکھٹا کیا گیا ہے اس رقم کو کم وقت میں تقسیم کیا گیا تھا، بینک کے ساتھ ٹرانزیکشن نقد کی گئی تھی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ آج کے چھاپے اس مقدمے سے متعلق شواہد اکھٹے کرنے کے لئے معزز یو اے پی اے کورٹ سری نگر کی طرف سے جاری کردہ سرچ وارنٹ کی بنیاد پر مارے گئے۔
واضح رہے کہ اس کیس میں چھاپہ ماری کا یہ دوسرا مرحلہ تھا ، اس سے قبل ایس آئی نے دہلی اور کشمیر میں 32مقامات پر چھاپے مارے تھے۔
ترجمان کے مطابق یہ کیس ایس آئی اے کشمیر میں زیر تفتیش ہے ۔
یو این آئی- ارشید بٹ