بڈگام میں 4 منشیات فروش گرفتار، نشہ آور مواد بر آمد:پولیس

سری نگر، منشیات کے خلاف جنگ کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام کے ماگام علاقے میں 4 منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے نشہ آور مواد بر آمد کیا ہے۔

ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اسٹیشن ماگام کی ایک پولیس پارٹی نے معمول کے ناکے کے دوران وتہ ماگام علاقے میں ایک مشتبہ گاڑی زیر رجسٹریشن نمبر JK04G – 2152 کو روکا جس میں ڈرائیور سمیت تین افراد سوار تھے۔

انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران ان کے تحویل سے تین پالیتھن بیگوں میں بھرا 315 گرام چرس جیسا مواد بر آمد کیا گیا۔

بیان میں ان افراد کی شناخت عابد احمد بٹ (ڈرائیور) ولد عبدالمجید بٹ ، ذیشان احمد ڈار ولد فیاض احمد ڈار اور احتشام اشرف وانی ولد محمد اشرف وانی ساکن ہزار پورہ آری پانتھن کے بطور ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تینوں کو بر سر موقع ہی گرفتار کیا گیا اور ان کی گاڑی کو بھی ضبط کیا گیا۔

موصوف ترجمان نے کہا کہ گرفتار شدگان کے انکشاف پر ایک اور مشتبہ فرد کو گرفتار کیا گیا جس کی تحویل سے 360 گرام چرس پائوڈر جیسا مواد بر آمد کیا گیا۔

انہوں نے اس کی شناخت عامر احمد گنائی عرف راجا ولد غلام احمد گنائی ساکن پیٹھہ کانہامہ کے طبور کی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن ماگام میں ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔

یو این آئی- ایم افضل

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں