سری نگر، معاشرے سے منشیات کے وبا کی بیخ کنی کے لئے جنگ کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران بارہمولہ کے قصبہ اوڑی ایک منشیات فروش کو نشہ آور مواد سمیت گرفتار کیا ہے جبکہ شوپیاں میں ایک رہائشی مکان سے 712 گرام چرس جیسا نشہ آور مواد بر آمد کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اسٹیشن اوڑی کی ایک پولیس پارٹی نے اوڑی کے لگہامہ علاقے میں ایک ناکے کے دوران ایک شخص کو روکا۔انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران اس شخص کی تحویل سے 36 گرام چرس جیسا نشہ آور مواد بر آمد کیا گیا جس کے بعد اس کو گرفتار کرکے پولیس اسٹیشن اوڑی میں بند رکھا گیا۔
بیان میں گرفتار شدہ کی شناخت منظور احمد جنجوعہ ولد اکبر الدین جنجوعہ ساکن مچھی کرنڈ کے بطور کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن اوڑی میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔
ایک اور کارروائی کے دوران شوپیاں پولیس نے ایک رہائشی مکان سے 692 گرام چرس جیسا نشہ آور مواد بر آمد کیا ہے۔ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ شوپیاں پولیس نے متعلقہ ایگزیکٹیو مجسٹریٹ کی موجودگی میں طاہر احمد خان ساکن میلہورا کے رہائشی مکان سے بظاہر 692 گرام وزنی چرس پائوڈر جیسا مواد بر آمد کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن زینہ پورہ میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ بارہمولہ پولیس نے ضلع میں سال رواں کے پہلے مہینے یعنی ماہ جنوری کے دوران این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت 24 مقدمے درج کرکے 3 سخت گیر منشیات فروشوں سمیت 39 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ہے اور ان کی تحویل سے لاکھوں روپیوں کا نشہ آور مواد ضبط کیا ہے۔
ضلع میں منشیات کے خلاف وسیع پیمانے پر جنگ کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے سال 2023 کے دوران این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت 264 مقدمے درج کرکے 464 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا۔
یو این آئی ایم افضل