سری نگر، منشیات کے خلاف جنگ کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں الگ الگ کارروائیوں کے دوران 2 منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے نشہ آور مواد بر آمد کیا ہے۔ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اسٹیشن اوڑی کی ایک پارٹی نے ٹائر موڑ اوڑی پر ایک ناکے کے دوران ایک شخص کو روکا۔انہوں نے کہا کہ تلاشی آپریشن کے دوران اس کی تحویل سے 42 گرام چرس جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا گیا جس کے بعد اس کو گرفتار کرکے پولیس اسٹیشن اوڑی میں بند رکھا گیا۔
بیان میں گرفتار شدہ کی شناخت عبدالعزیز چنیزہ ولد غلام محمد ساکن اوڑی بارہمولہ کے طور پر ہوئی ہے۔اسی طرح کی ایک اور کارروائی کے دوران پولیس اسٹیشن ٹنگمرگ کی ایک پولیس پارٹی نے بیگ پورہ ہری ونتو ٹنگمرگ میں ایک ناکے پر ایک شخص کو روکا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ تلاشی کے دوران اس کی تحویل سے 25 گرام چرس جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا گیا جس کے بعد اس کو گرفتار کرکے پولیس اسٹیشن ٹنگمرگ میں بند رکھا گیا۔
بیان میں منشیات فروش کی شناخت محمد اسداللہ بٹ ولد غلام محمد ساکن رنبیل پورہ کنزر کے طور پر کی گئی ہے۔پولیس نے اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن اوڑی اور ٹنگمرگ میں متعلقہ دفعات کے تحت مقدمے درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ بارہمولہ میں سال رواں کے پہلے مہینے یعنی ماہ جنوری کے دوران این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت 24 مقدمے درج کرکے 3 سخت گیر منشیات فروشوں سمیت 39 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ہے اور ان کی تحویل سے لاکھوں روپیوں کا نشہ آور مواد ضبط کیا ہے۔ضلع میں منشیات کے خلاف وسیع پیمانے پر جنگ کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے سال 2023 کے دوران این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت 264 مقدمے درج کرکے 464 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا۔
یو این آئی ایم افضل