سری نگر،وادی کشمیر میں دوسرے روز بھی معراج العالم کے سلسلے میں روح پرور مجالس کا اہتمام ہوا سب سے بڑی تقریب درگاہ حضرت بل میں منعقد ہوئی جہاں نماز جمعے کے بعد زائرین موئے پاک کے دیدار سے فیضیاب ہوئے۔
یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ وادی کشمیر میں جمعے کے روزمعراج العالم کے حوالے سے بڑے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے جس میں ہزاروں کی تعداد میں زائرین نے شرکت کی۔
سب سے بڑی تقریب شہرہ آفاق جھیل ڈ ل کے کناروں پر واقع آثار شریف درگاہ حضرت بل میں منعقد ہوئی جہاں وادی کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے عاشقان رسول (ص) نے روح پرور مجالس میں حصہ لیا۔درگاہ حضرت بل میں نماز جمعے کے بعد عاشقان رسول (ص)موئے مقدس کے دیدار سے بھی فیضیاب ہوئے۔
درگاہ حضرت بل میں نماز کے اجتماعات میں ہزاروں کی تعداد میں مردو زن نے شرکت کی۔
آثار شریف شہری کلاش پورہ ، پنجورہ شوپیاں، جناب صاحب صورہ ، تاریخی جامع مسجد سری نگر، زیارت علمدار کشمیر چرار شریف اور دوسری عبادتگاہوں میں بھی روح پرور اجتماعات منعقد ہوئے۔
انتظامیہ نے آثار شریف درگاہ حضرت بل میں زائرین کو ہر ممکن سہولیت پہنچانے کی غرض سے تمام انتظامات کئے تھے جن میں بلا خلل،بجلی ،پینے کا صاف پانی،طبی ،ٹرانسپورٹ ،صحت وصفائی کے علاوہ دیگر سہولیات شامل ہیں۔محکمہ امور صارفین و عوامی تقسیم کاری اوروقف بورڈ نے درگاہ حضرت بل میں زائرین کے لئے طعام کے معقول انتظامات کئے گئے تھے۔
عقیدتمندوں کو درگاہ تک لانے اور لے جانے کے لئے اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ایس آر ٹی سی) نے دیر رات تک ٹرانسپورٹ سہولیت دستیاب کی تھی۔
یو این آئی-ارشید بٹ