کشمیر میں شبانہ درجہ حرارت میں بہتری، 17 سے 21 فروری تک وسیع پیمانے پر برف باری کا امکان

سری نگر، وادی کشمیر میں محکمہ موسمیات کی طرف سے ہفتے کی شام سے وسیع پیمانے پر برف و باراں کی پیش گوئی کے بیچ شبانہ درجہ حرارت میں بہتری درج ہوئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے بتایا کہ مغربی ہوائوں کے داخل ہونے کے نتیجے میں وادی میں 17 فروری کی شام سے 21 فروری کی دوپہر تک برف وباراں کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ وادی میں 18 فروری کو کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری کا امکان ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں وادی میں 19 سے 20 فروری تک میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری متوقع ہے جبکہ بالائی علاقوں میں بھاری برف باری ہوسکتی ہے۔

موصوف ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 21 فروری کی دوپہر تک کہیں کہیں ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری ہوسکتی ہے جس کے بعد موسم میں بہتری متوقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس دوران صوبہ جموں کے میدانی علاقوں میں بارشیں جبکہ بالائی علاقوں میں کہیں کہیں برف باری ہوسکتی ہے۔

محکمے نے ایک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ خراب موسمی صورتحال کے باعث پہاڑی علاقوں کی سڑکوں بشمول مغل روڈ، سنتھن پاس، سادھنا پاس، رازدان پاس اور زوجیلا پاس پر ٹریفک کی نقل و حمل متاثر ہوسکتی ہے۔

انہوں نے مسافروں سے سفر کرنے سے قبل ٹریفک حکام سے رابطہ کرنے کو کہا ہے جبکہ کسانوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے کھیتوں یا باغوں میں کھاد کا استعمال کرنے سے گریز کریں اور ان میں جمع پانی کو باہر نکالیں۔

ان کا کہنا ہے کہ اس دوران وادی کے دن کے درجہ حرارت میں گراوٹ درج ہونے کا امکان ہے۔

وادی کے شبانہ درجہ حرارت میں قدرے بہتری واقع ہوئی ہے۔ ادھر حکام نے برف باری کے پیش نظر تمام تیاریوں کو حتمی شکل دی ہے اور کسی بھی صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لئے مشینری اور افرادی قوت کو تیار رکھا ہے۔

محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق وادی کے شبانہ درجہ حرارت میں بہتری واقع ہوئی ہے۔ گرمائی دار الحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 3.0 ڈگری سینٹی گرید ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی1.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی3.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی0.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی4.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 3.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی2.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 1.0 ڈگری سینٹی گریڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی1.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

قابل ذکر ہے کہ وادی میں بیس روزہ چلہ خورد تخت نشین ہوا ہے گرچہ اس چلہ کے دوران بھی بھاری برف باری ہوسکتی ہے تاہم درجہ حرارت میں بتدریج بہتری ریکارڈ کی جائے گی۔

یو این آئی – ایم افضل

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں