سری نگر، وادی کشمیر میں گذشتہ 48 گھنٹوں سے پہاڑی علاقوں بشمول سیاحتی مقامات پر برف باری جبکہ میدانی علاقوں بشمول سری نگر میں موسلا دھار بارشوں کا وقفے وقفے سے سلسلہ جاری ہے۔اطلاعات کے مطابق وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں منگل کی تک قریب 3 فٹ برف جمع ہوئی ہے اورسونہ مرگ میں قریب 4 فٹ برف جمع ہوئی ہے جبکہ سادھنا ٹاپ پر 5 فٹ، راز دان ٹاپ پر 5 فٹ اور تلیل گریز میں 4 فٹ برف جمع ہوئی ہے۔
ادھر گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سری نگر میں 29.0 ملی میٹر، پہلگام میں 40.1 ملی میٹر، قاضی گنڈ میں 76.8 ملی میٹر، کپوارہ میں 41.9 ملی میٹر، گلمرگ میں 59.2 ملی میٹر، سری نگر ہوائی اڈے پر29.0 ملی میٹر، پلوامہ میں 14.0 ملی میٹر، اننت ناگ میں 25.0 ملی میٹر، گاندر بل میں30.0 ملی میٹر، بارہمولہ میں43.5 ملی میٹر، بڈگام میں 19.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔ادھر وادی میں خراب موسمی صورتحال کے بیچ شبانہ درجہ حرارت میں مزید گراوٹ درج ہوئی ہے۔گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی0.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت2.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی4.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی2.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی0.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 0.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی0.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی0.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 0.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 3.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں 19 سے 20 فروری تک میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری متوقع ہے جبکہ بالائی علاقوں میں بھاری برف باری ہوسکتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ وادی میں 21 فروری کی دوپہر تک کہیں کہیں ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری ہوسکتی ہے جس کے بعد موسم میں بہتری متوقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس دوران صوبہ جموں کے میدانی علاقوں میں بارشیں جبکہ بالائی علاقوں میں کہیں کہیں برف باری ہوسکتی ہے۔
محکمے نے ایک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ خراب موسمی صورتحال کے باعث پہاڑی علاقوں کی سڑکوں بشمول مغل روڈ، سنتھن پاس، سادھنا پاس، رازدان پاس اور زوجیلا پاس پر ٹریفک کی نقل و حمل متاثر ہوسکتی ہے۔انہوں نے مسافروں سے سفر کرنے سے قبل ٹریفک حکام سے رابطہ کرنے کو کہا ہے جبکہ کسانوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے کھیتوں یا باغوں میں کھاد کا استعمال کرنے سے گریز کریں اور ان میں جمع پانی کو باہر نکالیں۔ان کا کہنا ہے کہ اس دوران وادی کے دن کے درجہ حرارت میں گراوٹ جبکہ شبانہ درجہ حرارت میں بہتری درج ہونے کا امکان ہے۔
قابل ذکر ہے کہ وادی میں بیس روزہ چلہ خورد تخت نشین ہوا ہے گرچہ اس چلہ کے دوران بھی بھاری برف باری ہوسکتی ہے تاہم درجہ حرارت میں بتدریج بہتری ریکارڈ کی جائے گی۔
یو این آئی ایم افضل