بٹہ مالو جنگجو حملہ: حز ب المجاہدین نے لی حملے کی ذمہ داری

خبرا رود :

جنگجوؤں نے سرینگر کے سخت سیکورٹی حصار والے علاقے بتہ مالو میں صوبائی پولیس سربراہ کے دفتر سے چندمیٹر کے فاصلے پر سی آر پی ایف اہلکاروں پر اندھا دھند گولیاں برسائی جس کے نتیجے میں 2اہلکار شدید زخمی ہوئے جن میں سے ایک اہلکارزخموں کی تاب نہ لاکر ہسپتال میں دم توڑ بیٹھا۔ ادھر حملے کے فوراً بعد سیکورٹی فورسز کی بھاری تعداد نے آس پاس کے علاقوں کی سخت ناکہ بندی کرتے ہوئے حملہ آور جنگجوؤں کو ڈھونڈ نکالنے کے لیے تلاشی آپریشن شروع کردیا۔ادھر ریاستی پولیس نے حملے میں ایک سی آر پی ایف اہلکار کی ہلاکت کی تصدیق کی۔اس دوران حزب المجاہدین نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے بتایا کہ حزب سے وابستہ نوجوانوں نے بتہ مالو میں سی آر پی ایف اہلکاروں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 2اہلکار موقعہ پر ہی ہلاک جبکہ کئی شدید طور پر زخمی ہوئے۔

جنگجوؤں نے منگل سہ پہر کو شہر سرینگر کے سخت سیکورٹی حصار والے علاقے بتہ مالو میں فائر اینڈ ایمرجنسی ہیڈکوارٹر کے متصل سی آر پی ایف اہلکاروں کی ایک پارٹی پر شدید گولیاں برسائی جس کے نتیجے میں 2اہلکار شدید زخمی ہوئے ۔ اطلاعات کے مطابق اگر چہ اس دوران زخمی سی آر پی ایف اہلکاروں کو نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم یہاں پر 23بٹالین سے وابستہ اہلکار زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا۔ معلوم ہوا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں بتہ مالو اور ملحقہ علاقوں میں کچھ دیر کے لیے افرار تفری کا ماحول پھیل گیا جس دوران لوگوں کو محفوظ مقامات کی جانب بھاگتے ہوئے دیکھا گیا۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ حملے کے فوراً بعد سیکورٹی اہلکاروں نے بتہ مالو، کرن نگر، شہید گنج، جہانگیر چوک علاقوں میں ناکے لگائے جس دوران چھوٹی بڑی گاڑیوں کی باریک بینی سے تلاشی لی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے اس دوران راہ گیروں کی بھی تلاشی لینے کے علاوہ اُن کے شناختی کارڈ چیک کئے۔ ادھر ایس ایس پی سرینگر امتیاز اسماعیل پرے نے بتایا کہ جنگجووں نے سی آر پی ایف اہلکاروں پر گولیاں چلائی جس کے نتیجے میں 2اہلکار شدید زخمی ہوئے جنہیں علاج و معالجہ کی خاطر ہسپتال منتقل کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ حملے کے فوراً بعد سیکورٹی اہلکاروں نے حملہ آور جنگجوؤں کو ڈھونڈ نکالنے کی خاطر بڑے پیمانے پر ملحقہ علاقوں میں سیکورٹی سخت کی۔ادھر ریاستی پولیس نے حملے میں ایک سی آر پی ایف اہلکار کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بتہ مالو علاقے میں جنگجوؤں نے سی آر پی ایف اہلکاروں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک 2اہلکار زخمی ہوئے جن میں سے ایک اہلکار ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ بیٹھا۔ اس دوران حزب المجاہدین کے آپریشنل ترجمان برہان الدین نے اپنے ایک بیان میں حملے کی زمہ داری لیتے ہو ئے دعویٰ کیا کہ اس حملے میں سی آر پی ایف کے دو اہلکار ہلاک جبکہ دیگر کئی زخمی ہو ئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں