سری نگر، منشیات کے خلاف جنگ کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں تین منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے ممنوعہ مواد بر آمد کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اسٹیشن بارہمولہ کی ایک ٹیم نے ایک ناکے کے دوران کانسی پورہ چوک بارہمولہ میں ایک شخص کو روکا۔
انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران اس کی تحویل سے 20 گرام برائون شوگر جیسا مواد بر آمد کیا گیا جس کے بعد اس کو گرفتار کرکے پولیس اسٹیشن بارہمولہ میں بند رکھا گیا۔
بیان میں گرفتار شدہ کی شناخت شیخ حشمت ولد الطاف شیخ ساکن مالڈہ مغربی بنگال حال کانسی پورہ کے طور پر کی گئی ہے۔
اسی طرح کی ایک اور کارروائی کے دوران پولیس اسٹیشن کنزر کی ایک ٹیم نے ہرد شورو کنزر میں ایک ناکے پر دو افراد کو روکا۔
پولیس ترجمان نے کہا کہ تلاشی کے دوران ان کی تحویل سے 105 گرام چرس جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا گیا۔ جس کے بعد دونوں کو گرفتار کرکے پولیس اسٹیشن کنزر میں بند رکھا گیا۔
انہوں نے گرفتار شدگان کی شناخت نذیر احمد میر ولد غلام احمد میر ساکن چوکر پٹن اور ریاض احمد میر ولد غلام محمد میر ساکن رتنی پورہ ٹنگمرگ کے طور پر کی ہے۔
پولیس ترجمان نے کہا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن بارہمولہ اور پولیس اسٹیشن کنزر میں متعلقہ دفعات کے تحت مقدمے درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ بارہمولہ پولیس نے ضلع میں سال رواں کے پہلے دو مہینوں کے دوران منشیات فروشوں کے خلاف این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت 39 مقدمے درج کرکے 62 منشیات فروشوں کی گرفتاری عمل میں لا کر ان کی زائد از ایک کروڑ روپے مالیت کی جائیدادوں کو ضبط کیا ہے۔
یو این آئی ایم افضل