بی جے پی نے لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر افسپا ہٹانے کا وعدہ کیا ہے: عمر عبداللہ

سری نگر، نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا کہنا ہے کہ بی جے پی نے لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر جموں وکشمیر میں افسپا ہٹانے کا وعدہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اںڈیا الائنس کے حصہ دار ہیں اور آگے بھی رہیں گے۔

موصوف سابق وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو شمالی کشمیر کے قصبہ سوپور میں نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب دینے کے دوران کیا۔

وزیر داخلہ امیت شاہ کے افسپا ہٹانے کے بیان کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا: ‘اس غلط فہمی میں مت رہئے کہ وزیر داخلہ نے افسپا ہٹانے کا اعلان کیا ہے، انہوں نے اس ک ہٹانے پر غور کرنے کی بات کی ہے، افسوس کی بات ہے کہ ان کو اب اس پر غور کرنے کی بات یاد آگئی’۔

انہوں نے کہا: ‘مجھے ڈر اس بات کا ہے کہ جس طرح لداخ کو ہل کونسل انتخابات کے بعد چھٹا شیڈول دینے کا وعدہ کرکے دھوکہ دیا گیا کہیں ہمارے ساتھ بھی ایسا ہی نہ ہو’۔

ان کا کہنا تھا: ‘پارلیمانی انتخابات ہوں گے تو بی جے پی کو جموں و کشمیر کی پانچوں سیٹوں پر شکست ملے گی پھر وہ افسپا بھول جائیں گے’۔

انڈیا الائنس کے بارے میں پوچھے جانے پر عمر نے کہا: ‘ہم انڈیا الائنس کا حصہ ہیں اور آگے بھی رہیں گے’۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات میں کامیابی کے بعد ہم پارلیمنٹ میں لوگوں کے جذبات کی ترجمانی کریں گے’۔

یو این آئی- ایم افضل

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں