سری نگر، منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائیوں کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں دو بدنام زمانہ منشیات فروشوں کے خلاف پی آئی ٹی این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمے درج کئے ہیں۔۔
پولیس نے یہ کارروائی مجاز اتھارٹی سے با قاعدہ اجازت حاصل کرنے کے بعد عمل میں لائی ہے۔
پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ مجاز اتھارٹی سے با قاعدہ اجازت حاصل کرنے کے بعد پولیس نے شوکت احمد ڈار ولد محمد عبداللہ ساکن گانی وانی ٹنگمرگ اور غلام محمد شیخ ولد عبدالصمد ساکن مولہ گام کنزر نامی دو بد نام زمانہ منشیات فروشوں کے خلاف پی آئی ٹی این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمے درج کئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں منشیات فوشوں کو گرفتار کرکے سینٹرل جیل کوٹ بلوال جموں میں بند رکھا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ مذکورہ منشیات فروشوں کے خلاف کئی مقدمے درج تھے اور یہ دونوں سولندہ، کھائی پورہ، ٹنگمرگ ، مولہ گام،کنزر اور ضلع کے دوسرے علاقوں میں نوجوانوں کو منشیات سپلائی کرنے اور منشیات کے کاروبار کو فروغ دینے میں ملوث تھے۔
انہوں نے کہا کہ کئی مقدموں میں ملوث ہونے کے با وجود یہ دونوں اپنی حرکات سے باز نہیں آئے اور منشیات کی سپلائی میں لگاتار ملوث رہے۔
یو این آئی- ارشید بٹ