تاریخی مغل روڈ پر ٹریفک کی نقل وحمل بحال :حکام

سری نگر، جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے پونچھ اور راجوری اضلاع کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈکوپیر کے روز ٹریفک کی آمدورفت کے لئے بحال کیا گیا۔

بتادیں کہ بھاری برف جمع ہونے کی وجہ سے یہ تاریخی روڈ، جو وادی کو جموں کے ساتھ جوڑنے کا دوسرا زمینی ذریعہ ہے، کچھ عرصے سے بند رہا۔

حکام کے مطابق تاریخی مغل روڈ کو قابل آمدورفت بنانے کی خاطر پچھلے ایک ماہ سے کام جاری تھا۔

انہوں نے کہاکہ پیر کے روز اس شاہراہ پر ٹریفک کو کشمیر کی طرف جانے کی اجازت دی گئی۔

متعلقہ محکمہ کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ لگ بھگ تین ماہ تک بندرہنے کے بعد ضلعی انتظامیہ نے مغل شاہراہ پر یک طرفہ ٹریفک کو چلنے کی اجازت دے دی۔

انہوں نے کہا:’پہلے مرحلے پر گاڑیوں کوپونچھ سے شوپیاں کی طرف جانے کی اجازت دی گئی اورجوں جوں موسم میں بہتری آئے گی شاہراہ پر دونوں جانب ٹریفک کو بحال کیا جائے گا۔ ‘

سینئر عہدیدار نے مغل شاہراہ پرسفر کرنے والوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک ایڈوائزری پر من وعن عمل کرے ۔

یو این آئی- ارشید بٹ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں