سری نگر، سری نگر کے بٹوارہ گنڈ تل علاقے میں منگل کی صبح کچھ لوگوں اور بچوں سے بھری ایک کشتی دریائے جہلم میں الٹ گئی جس کے نتیجے میں 5 بچوں سمیت 6 افراد کی موت واقع ہوئی ہے جبکہ 2 بچوں سمیت 3 افراد ہنوز لاپتہ ہیں جن کی تلاش کے لئے بڑے پیمانے پر بچائو آپریشن جاری ہے۔
ضلع مسجٹریٹ سری نگر ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ نے جائے موقع پر میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ بٹوارہ گنڈ تل علاقے میں منگل کی صبح قریب آٹھ بجے ایک کشتی کے دریائے جہلم میں الٹنے کا واقعہ پیش آیا۔
انہوں نے کہا کہ واقعہ پیش آتے ہی ایس ڈی آر ایف،فوج، پولیس، مقامی لوگوں اور دیگر ایجنسیوں نے وسیع پیمانے پر بچائو آپریشن شروع کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ ریسکیو آپریشن کے دوران اب تک 12 افراد کو ریسکیو کیا گیا، 6 افراد کی موقت واقع ہوئی ہے جبکہ دو بچوں سمیت تین افراد ابھی بھی لاپتہ ہیں جن کی تلاش کے لئے وسیع پیمانے پر آپریشن جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ سول انتظامیہ اور پولیس کے اعلیٰ افسران جائے واردات پر موجود ہیں اور ریسکیو آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔
قبل ازیں شری مہاراجہ ہری سنگھ ہسپتال سری نگر کے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر مظفر زرگر نے یو این آئی کو بتایا کہ ہمارے پاس اب تک سات بچوں کو لایا گیا جن میں سے 4 کی موت واقع ہوئی جبکہ تین کی حالت مستحکم ہے جن کو ہسپتال میں داخل کیا گیا۔
بتادیں کہ گذشتہ دنوں سے ہو رہی موسلا دھار بارشوں کے باعث دریائے جہلم میں پانی کی سطح بڑھ گئی ہے۔
اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
یو این آئی – ایم افضل








