سرحد پر تعینات جوان کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری طرح تیار :آئی جی بی ایس ایف

جموں، بارڈر سیکورٹی فورس(بی ایس ایف) کے انسپکٹر جنرل ’ڈی کے بورا ‘ نے جمعرات کے روز کہاکہ جموں میں بین الاقوامی سرحد پر ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ مستعد بی ایس ایف جوانوں نے درمیانی شب ایک درانداز کو مار گرایا ۔
سانبہ میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران آئی جی بی ایس ایف ’ڈی کے بورا‘ نے کہاکہ بین الاقوامی سرحد پر فوج کی چوکسی بڑھا دی گئی ہے۔

انہوں نے کہاکہ درمیانی شب مشکوک افراد کی نقل وحرکت کے بعد مستعد بی ایس ایف جوانوں نے ایک پاکستانی درانداز پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں اس کی برسر موقع ہی موت واقع ہوئی۔

انہوں نے کہاکہ جو کوئی بھی ناپاک ارادے سے بھارتی حدود میں گھس آئے گا اس کا یہی انجام ہوگا۔

آئی جی بی ایس ایف نے بتایا کہ پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحدوں پر ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے ۔

ان کے مطابق سانبہ میں پاکستانی درانداز کی ہلاکت کے بعد بی ایس ایف جوانوں کو چوبیس گھنٹے متحرک رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔

دریں اثنا ذرائع نے بتایا کہ سانبہ میں پاکستانی درانداز کی ہلاکت کے بعد سرحدی علاقے میں بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ فوج کی جانب سے جنگلی اور رہائشی علاقوں کی تلاشی لی جارہی ہیں تاکہ دہشت گردوں کے منصوبوں کو ناکام بنایا جاسکے۔

یو این آئی- ارشید بٹ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں