جموں،ڈی آئی جی ریاسی ادھم پور رینج رائیس محمد بٹ نے پیر کے روز کہاکہ ریاسی حملے کے بعد گیارہ آپریشنل ٹیمیں فیلڈ پر کام کر رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ دو سے تین دہشت گردوں کے گروپ نے اس حملے کو انجام دیا ہے۔
ان باتوں کا اظہار ڈی آئی جی نے نامہ نگار وں سے بات چیت کے دوران کیا۔
انہوں نے کہاکہ ریاسی میں یاترا گاڑی پر ہوئے حملے کی بڑے پیمانے پر تحقیقات جاری ہے۔
ان کے مطابق عین شاہدین اور جو ہمارے پاس ثبوت و شواہد ہیں ان کے مطابق دو سے تین دہشت گردوں کے گروپ نے ریاسی میں یاترا گاڑی پر فائرنگ کی ۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس وقت گیارہ ٹیمیں فیلڈ پر کام کر رہی ہیں اور بہت جلد حملہ آوروں کو انجام تک پہنچایا جائے گا۔
ڈی آئی جی کے مطابق تحقیقات جاری ہے اور اس ضمن میں گرفتاریوں کو بھی خارج از امکان قرار نہیں دیا جاسکتا ۔
واضح رہے کہ ریاسی کے کانڈا اور اس کے ملحقہ جنگلی علاقوں میں پیر کے روز بھی تلاشی آپریشن جاری رہا۔
ذرائع نے بتایا کہ حملے میں امریکی ساخت کی رائفل کا استعمال کیا گیا اور باور کیا جارہا ہے کہ غیر ملکی دہشت گردوں نے اس حملے کو انجام دیا ہے تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات جاری ہے اور کس کالعدم تنظیم نے یاترا گاڑی پر حملہ کیا اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا۔
ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع العریض جنگلی علاقے کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔
یو این آئی- ارشید بٹ