میلہ کھیر بھوانی: زائد از 5 ہزار عقیدت مند کشمیر روانہ

جموں، جموں کے نگروٹہ سے بدھ کی صبح زائد از پانچ ہزارعقیدت مند جن میں بیشتر کشمیری پنڈت تھے، سخت سیکورٹی بند وبست کے بیچ ‘میلہ کھیر بھوانی’ میں حصہ لینے کے لئے کشمیر روانہ ہوئے۔

صوبائی کمشنر جموں رمیش کمار، ریلیف کمشنر ڈاکٹر اروند کاروانی اور ممتاز پنڈت لیڈروں نے یاترا کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ زائد از پانچ ہزار یاتری جن میں بیشتر کشمیری پنڈت تھے، میلہ کھیر بھوانی میں حصہ لینے کے لئے کشمیر روانہ ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ یہ یاتری بھجن گاتے ہوئے 176 گاڑیوں میں کشمیر روانہ ہوئے۔
ایک یاتری نے میڈیا کو بتایا: ‘ہمیں کسی قسم کا کوئی خوف نہیں ہے بلکہ ہم اس کے لئے پر جوش ہیں’۔

ادھر یہ میلہ اس وقت شروع ہو رہا ہے جب صوبہ جموں میں تین ملی ٹنٹ حملے ہوئے ہیں۔

بتادیں کہ وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل کے تولہ مولہ علاقہ میں واقع مشہور ماتا کھیر بھوانی مندر کشمیری پنڈتوں کی ایک مقدس جگہ ہے جہاں پر رگنیا دیوی جو اِن کی ایک مقدس دیوی ہیں، کا مندر ہے۔ کشمیری پنڈتوں کے مطابق رگنیا دیوی صرف کشمیر میں پوجی جاتی ہے۔

اس مندر میں کشمیری پنڈت ’میلہ کھیر بھوانی‘ کے نام سے مشہور تہوار ہر سال مناتے ہیں۔ میلہ کھیر بھوانی کو کشمیری پنڈتوں کا سب سے بڑا اور اہم تہوار مانا جاتا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ امسال ملک کے مختلف حصوں سے قریب 80 ہزار کشمیری پنڈتوں کی اس میلہ میں شرکت کرنے کی توقع ہے۔

یو این آئی – ایم افضل

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں