سری نگر،جموں وکشمیر کے گرمائی دارلخلافہ سری نگرمیں سہ پہر کے بعد تیز ہوائیں چلنے کی وجہ سے شہرہ آفاق جھیل ڈل کے بیچوں بیچ چھ سیاح پھنس کر رہ گئے جنہیں ایس ڈی آر ایف کی ٹیم نے وقت رہتے ریسکیو کیا ۔
معلوم ہوا ہے کہ تیز آندھی چلنے کی وجہ سے تین کشتیاں نقصان سے دوچار ہوئیں ہیں ۔
تیز آندھی کی وجہ سے سر ی نگر کے مضافاتی علاقوں میں کئی درخت جڑ سے اکھڑ گئے اور بجلی نظام بھی درہم برہم ہو کررہ گیا ۔
اطلاعات کے مطابق سہ پہر کے بعد سری نگر میں موسم نے کروٹ لی جس کے ساتھ ہی بارشوں کے ساتھ ساتھ تیز آندھی چلنے کی وجہ سے خوف و ہراس پھیل گیا۔
نامہ نگار نے بتایا کہ گر چہ محکمہ موسمیات نے قبل از وقت ہی آفیشل ایکس ہینڈل پر جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ آنے والے تین گھنٹوں کے دوران سری نگر میں تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے ، جس کو مد نظر رکھتے ہوئے جھیل ڈل کی سیر وتفریح پر گئے سیاحوں کو فوری طورپر کنارے پر آنے کی تاکید کی گئی۔
انہوں نے مزید کہاکہ تیز آندھی چلنے کی وجہ سے چھ سیاحوں کا ایک گروپ جو کہ ایک شکارا میں سوار تھے پھنس کر رہ گئے تاہم ایس ڈی آر ایف اور ریور پولیس نے فوری طورپر ریسکیو آپریشن شروع کیا جس دوران سیاحوں کو کنارے پر لایا گیا ۔
ایس ڈی آر ایف کے ایک سینئر عہدیدار نے یو این آئی اردوکو بتایا کہ تیز ہوائیں چلنے کے ساتھ ہی ایس ڈی آر ایف کی ٹیم نے جھیل ڈل میں پھنسے ہوئے چھ سیاحوں کو محفوظ جگہ پر منتقل کیا۔
معلوم ہوا ہے کہ تیز آندھی چلنے کی وجہ سے جھیل ڈل میں تین کشتیوں کو نقصان پہنچا ہے۔
دریں اثنا سری نگرکے مضافاتی علاقوں جن میں حبک ، گلاب باغ، زکورہ ، آلسٹینگ ، چھتر ہامہ ، گاسو اور آس پاس علاقے شامل ہیں میں تیز آندھی چلنے کی وجہ سے متعدد درخت جڑ سے اکھڑ گئے۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ ترسیلی لائنیں گرنے سے بجلی نظام درہم برہم ہو کررہ گیا ہے۔
یو این آئی- ارشید بٹ