جموں،فوج کی شمالی کمان کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل سوچندر کمار نے بدھ کے روز ریاسی کا دورہ کیا اور وہاں پر فوج کی تیاریوں کا بچشم جائزہ لیا۔ اس موقع پر فوجی کمانڈر کو راجوری، ریاسی اور پونچھ اضلاع میں دہشت گردوں کے خلاف چلائے جارہے آپریشن کے بارے میں بھی بریف کیا گیا۔
جموں نشین دفاعی ترجمان نے بتایا کہ فوج کی شمالی کمان کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل سوچندر کمار نے بدھ کے روز ریاسی کا دورہ کیا اور وہاں پر ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران سیکورٹی منظر نامے کا جائزہ لیا۔
شمالی کمان کے سربراہ نے فوجی جوانوں کے ساتھ ملاقات کے دوران کہا کہ امن دشن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر مزید چوکسی برتنے کی ضرورت ہے۔
اس سے قبل لیفٹیننٹ جنرل کو فوج کے سینئر آفیسران نے سرحدوں کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی۔فوجی کمانڈر کو مخالفین کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں بھی جانکاری فراہم کی گئی۔
شمالی مشرقی کمان کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل سوچندر کمار نے آفیسران کو ہدایت دی کہ سرحدوں پر چوبیس گھنٹے مستعد رہنے کی ضرورت ہے۔ذرائع کے مطابق ریاسی میں حالیہ ملی ٹینٹ حملے کے بعد سیکورٹی فورسز نے جنگلی علاقوں میں بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فوجی کمانڈر کو سرگرم دہشت گردوں کے خلاف چلائے جارہے آپریشنز کے بارے میں بھی جانکاری فراہم کی گئی۔
یو این آئی، ارشید بٹ